ثاقب نثار کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونا ہو گا، جاوید لطیف

ثاقب نثار کو کمیٹی کے سامنے  پیش ہونا ہو گا، جاوید لطیف

اسلام آباد (این این آئی)سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات میں بلانے کے معاملہ پر میاں جاوید لطیف ڈٹ گئے اور کہا کہ یہ کسی فرد کا نہیں پارلیمان کی بالادستی کا معاملہ ہے۔

کسی طور اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ثاقب نثار کو پارلیمنٹ کی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا ہو گا۔ ذرائع کے مطابق سپیکر اسد قیصر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی جاوید لطیف کی جانب سے خط کا جواب موصول ہوا جس میں قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پر ثا قب نثار کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ میاں جاوید لطیف نے کہاکہ یہ کسی فرد کا نہیں پارلیمان کی بالادستی کا معاملہ ہے اور کسی طور اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

میاں جاوید لطیف نے کہاکہ پوری دنیا میں قائمہ کمیٹیاں حاضر سروس طاقتور ترین لوگوں کو طلب کرتی ہیں،سابق جج یا چیف جسٹس کو کمیٹی میں بلانا کسی طور توہین عدالت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عدالت پارلیمانی پروسیڈنگز کو نہیں روکتی،میاں رضا رضا ربانی کی رولنگ بھی اس حوالے سے موجود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حاظر سروس جج قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف وفاقی وزراء پریس کانفرنسوں میں سنگین الزامات عائد کرتے رہے ۔ قومی اسمبلی ایوان میں بھی سپیکر نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی کردار کشی کرنے والوں کو کبھی نہیں روکا۔

انہوں نے کہاکہ قائمہ کمیٹی کی جانب سے ثاقب نثار کو بلانے پر سپیکر کی عدلیہ کی توہین کی منطق ناقابل فہم ہے ۔اگر سپیکر کمیٹی کے اجلاس کے لیے جگہ نہیں دیں گے تو پارلیمنٹ کے گیٹ کے سامنے اجلاس کروں گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں