ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ کا سر ہے نہ پاؤں:فواد چودھری

ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ کا سر ہے نہ پاؤں:فواد چودھری

لاہور (سیاسی رپورٹرسے ،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا سر ہے نہ پاؤں، اللہ کی شان ہے کہ ن لیگ اور فضل الرحمن عمران خان اور ان کی حکومت کو کرپٹ کہیں، آسمان پر تھوکنا اسے کہتے ہیں۔

 اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہم کس قدر منظم مافیا کا سامنا کر رہے ہیں کہ ایسے وقت میں جب عالمی بینک پاکستان کی 5.37 فیصد سے ترقی کی تصدیق کر رہا ہے ،کورونا سے نمٹنے کی حکومتی پالیسیوں کی تعریف عالمی سطح پر ہو رہی ہے ، اس وقت ایسی رپورٹ آتی ہے جس کا سر ہے نہ پیر ہے ۔فواد نے کہا ایک پریس ریلیز پر ہیڈ لائنیں لگ جاتی ہیں ،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کہتی ہے پاکستان میں قانون کی حکمرانی میں تنزلی ہوئی ہے ۔

کسی کو نہیں پتا وہ یہ کیوں کہہ رہے ہیں؟ مالیاتی کرپشن کا تذکرہ بھی نہیں ہے لیکن پریس ریلیز میں ایسے قصے جوڑے گئے کہ کرپٹ اپوزیشن کی بھی یہ جرات ہوئی کہ حکومت پر تنقید کر سکے ۔وزیراعظم کے ترجمان ومعاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے ملک میں کرپشن جن کی وجہ سے پروان چڑھی وہی کرپشن پر بھاشن دے رہے ہیں،کرپشن پرسیپشن بڑھتی ہے جب مفرور جیل کے بجائے لندن میں ہوا خوری کرے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں