سابق ڈی جی نیب برگیڈیئر (ر) مصدق عباسی وزیراعظم کے مشیر داخلہ و احتساب مقرر

سابق ڈی جی نیب برگیڈیئر (ر) مصدق عباسی وزیراعظم کے مشیر داخلہ و احتساب مقرر

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے شہزاد اکبر کے استعفے کے بعد بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کو وزیر اعظم کا مشیر برائے داخلہ و احتساب مقرر کردیا ۔

 وزیراعظم عمران خان نے سابق مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر کی جگہ نئے ناموں کے لیے مشاورت کی جس کے بعد تقرر کی منظوری دی گئی۔کابینہ ڈویژن نے اس تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 93 کی شق ایک کے تحت وزیراعظم کی سفارش پر بریگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی کو وزیراعظم کا مشیر برائے احتساب اور داخلہ مقرر کردیا ہے ۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے مصدق عباسی کی تقرری کا نفاذ فوری طور پر ہوگا۔ واضح رہے مصدق عباسی نیب کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ، وہ سابق ڈی جی نیب رہ چکے ہیں۔

بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کا تعلق ایبٹ آباد کی تحصیل بیروٹ سے اور ان کا خاندان ایک مڈل کلاس خاندان ہے ۔ ان کے والد محمد صادق عباسی اپنے علاقے کی معروف سیاسی شخصیت تھے جو قیام پاکستان سے قبل علامہ عنایت اللہ مشرقی کی احرار الاسلام تحریک سے وابستہ رہے ۔ مصدق عباسی نے ابتدائی تعلیم ہائی سکول اوسیاہ مری سے حاصل کی، 70 کی دہائی میں پاک آرمی میں کمیشن حاصل کیا، پاک فوج میں اہم پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دینے کے بعد بریگیڈیئر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ۔ رینجرز میں بھی خدمات سرانجام دیں۔سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں قومی احتساب بیورو (نیب)قائم کیا گیا تو انھیں کراچی میں ڈائریکٹر ریکوریز تعینات کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق کراچی میں انھوں نے اس وقت پیر پگارا کے کسی قریبی ساتھی پر ہاتھ ڈالا تو ان کی شکایت پرویز مشرف تک پہنچی۔ اس کے بعد ان کا تبادلہ پشاور میں بطور ڈی جی نیب کردیا گیا۔ 2011 میں ان کا تبادلہ پشاور سے اسلام آباد کردیا گیا جہاں وہ بطور ڈی جی آگاہی اور تدارک کام کرتے رہے ۔ نیب میں 13 برس خدمات انجام دینے کے بعد ان دنوں مصدق عباسی ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں