اپوزیشن پراپیگنڈا کی ماہر، مسترد عناصر کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا: بزدار

اپوزیشن پراپیگنڈا کی ماہر، مسترد عناصر کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا: بزدار

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے پہلے کورونا پر سیاست چمکائی پھرڈینگی پر،کورونا وبا کے دوران اپوزیشن کا منفی کردار تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ۔

آزمائش کی اس گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے بروقت اور دور اندیش فیصلے کئے ہیں اور حکومت کی کامیاب حکمت عملی کے باعث دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ کم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے منفی سیاست کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا۔ اپوزیشن بھی وہ ملی ہے جو صرف بیان بازی اورپراپیگنڈا کرنے کی ماہر ہے ۔ہر ایشو پر پوائنٹ سکورنگ ان کاشیوہ ہے ۔ ان میں استعفے دینے کی ہمت ہے نہ یہ مارچ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مستردشدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کے کیسوں میں اضافے پر تشویش ہے ۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔شہری ایس او پیز پر عمل کریں اوراپنی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنائیں، کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک پہننا ضروری ہے ۔

شہری کورونا ویکسین اور بوسٹر ڈوز ہر صورت لگوائیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ7 میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان سپرلیگ7میں کوئی بھی ٹیم جیتے ، جیت پرامن پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ہو گی۔ پاکستان کے عوام کھیل بالخصوص کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے میچزکیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں گے اورمیچوں کیلئے سوفیصد فول پروف سکیو رٹی یقینی بنائی جائے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں