کچھ بھی کر لیں نوازشریف واپس نہیں آئینگے :شجاعت
لاہور (سیاسی رپورٹرسے )سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہاہے کہ چاہے کچھ بھی کر لیں نوازشریف واپس نہیں آئینگے ۔
واپسی سے باہر نکلیں اور عوامی ایشوز کے حل پر توجہ دیں، انہوں نے سیاسی معاملات پر اپنا موقف دیتے ہوئے بیان میں کہاہے کہ جو خود وزیراعظم کے امیدوار ہیں وہ نوازشریف کی واپسی کا کہیں تو یہ انتہائی مضحکہ خیز بات ہے ۔ یہ سال کام کرنے کا ہے لیکن اگر ایسے کاموں میں ہی لگے رہے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے ۔
جتنے پیسوں کا الزام نوازشریف پر ہے اس سے زیادہ تو ان کے کیسوں کے چکر میں خرچ کر دئیے گئے ۔ شجاعت حسین نے کہانوازشریف واپسی کے لئے گارنٹی کی بات کرتے ہیں ۔ زندگی موت کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا۔
آج کل لیڈر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے پر لگے ہیں،وہ عنقریب اپنا انجام خود دیکھیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کوئی بھی پارٹی یا لیڈر مہنگائی کے خاتمے کیلئے پارلیمنٹ میں مثبت پلان دے تو اپنے ارکان کو کہوں گا کہ ان کی بات سنیں۔