حکومت کے پاس کچھ کرنے کاوقت نہیں بچا:سراج الحق

 حکومت کے پاس کچھ کرنے کاوقت نہیں بچا:سراج الحق

لاہور (سیاسی نمائندہ ، نیوز ایجنسیاں )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کچھ کرنے کا وقت نہیں بچا، اب اعلانات پر کوئی یقین نہیں کرے گا۔ حکمران جماعت کی کشتی سے اس کے اپنے لوگ چھلانگیں لگا رہے ہیں۔

 ملک میں عدل و انصاف  اور قانون کی حکمرانی کے الفاظ صرف ڈکشنر ی تک محدود رہ گئے ہیں۔ حکومت کرپشن روکنے میں ناکام ہے ۔چینی، آٹا، توانائی اور دیگر سکینڈلز میں مافیانے عوام کے 880ارب روپے لوٹے ۔ کرپشن کا خاتمہ کرپٹ افراد نہیں کر سکتے ۔ شہزادوں کی سیاست نے غریب عوام کا خون نچوڑ لیا۔ پرانے اور نئے حکمران ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔

موجودہ اور گزشتہ حکومتوں کا طریقہ واردات ایک جیسا، تمام نے ملکی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ سے سازباز کی۔ حرام کی کمائی سے بنائی گئی جائیدادیں واپس لینا ہوں گی۔ جماعت اسلامی ایسا نظام چاہتی ہے جس میں دولت کی منصفانہ تقسیم اور بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت ہو،تعلیم، علاج، چھت اور روزگار سب کے لیے ہو۔

سندھ حکومت بلدیاتی قانون واپس لے اور لوکل گورنمنٹ کا پرانا نظام بحال کرے ۔ تشدد اور ہٹ دھرمی مسائل کا حل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نافع کے زیر اہتمام مختلف تعلیمی اداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ اگر ملک میں اسلامی نظام رائج ہوجاتا تو مغربی پاکستان بنگلہ دیش نہ بنتا۔ ملک میں طاقتور اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہے ۔قوم کو یقین ہوگیا کہ پی ٹی آئی بھی نااہل ہے ۔انہوں نے مزید کہا حضورؐ کے امتی ہونے کے ناطے ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم پوری انسانیت کو اسلام کے نور سے روشناس کروائیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں