اتحادی ساتھ ،پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں:حسان خاور

اتحادی ساتھ ،پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں:حسان خاور

لاہور (سیاسی رپورٹرسے ) معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان کے حوالے سے حالیہ رپورٹ سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ ایک ایسی رپورٹ جس کے پس پردہ کوئی عوامی سروے بھی نہیں کی آڑ میں اپوزیشن اصل سوالات اور اصل ایشوز سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوششیں کر رہی ہے ۔

انہوں نے حمزہ شہباز کے بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا یہ چاہتے ہیں کہ حکومتی احتساب کا عمل رک جائے ۔ مسلم لیگ ن سے جب ڈبل قیمتوں پر ہونے والے ٹھیکوں، چارٹرڈ طیاروں میں اپنے من پسند افراد کے ہمراہ غیر ملکی سرکاری دوروں، ذاتی ملازمین کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز سے متعلق سوال کیے جائیں تو انکی کمر میں درد نکل آتا ہے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی حق ہے لیکن سب جانتے ہیں کہ غیر متحدہ اپوزیشن صرف گرجتی ہے ، برس نہیں سکتی۔ ان کا کہناتھا کی ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کو ملکی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی پہلے دن سے کوشش ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں،سا نحہ کی غیرجانبدارانہ تفتیش کیلئے اقدامات کئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یونیورسٹی میں ‘‘صحافت برائے ریاست’’ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں