لاہورہائیکورٹ: ریور راوی پراجیکٹ کیس کا تحریری فیصلہ جاری

لاہورہائیکورٹ: ریور راوی  پراجیکٹ کیس کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے ریور راوی پراجیکٹ کے خلاف دائر درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے وقار اے شیخ اور شیراز ذکا کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔

ریور راوی پراجیکٹ کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ 219صفحات پر مشتمل ہے ، عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ترمیمی آرڈیننس کا سیکشن 4غیر قانونی ہے ، ترمیمی آرڈیننس کا سیکشن 4آئین کے آرٹیکل 140اے سے متصادم ہے ۔روڈا کا ترمیمی آرڈیننس غیر آئینی ہے ،روڈا ایکٹ 2020کے تحت ماسٹر پلان بنیادی دستاویز ہے ، تمام سکیمیں ماسٹر پلان پر عمل درآمد کرتی ہیں ۔

روڈا ایک خودمختار ماسٹر پلان بنانے میں ناکام رہا، ماسٹر پلان کے بغیر کوئی بھی سکیم غیر قانونی ہے ۔جسٹس شاہد کریم نے فیصلے میں لکھا کہ لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894کے تحت زرعی اراضی ایکوائر کرنے کے لیے لیگل فریم ورک مکمل کرنا ضروری ہے ،کلکٹر شیخوپورہ اور کلکٹر لاہور نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے طریقہ کار پر عمل کرنے میں ناکام رہے ،زرعی اراضی ایکوائر کرنے کے لیے جاری نوٹیفکیشن لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894پر پورا نہیں اترتے ۔ عدالت نے فیصلے میں امریکن جسٹس اور اٹلی کے ناول نگار کی اقتباسات کو آرڈر شیٹ کا حصہ بنایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں