کوروناپابندیاں: 15فروری تک توسیع،22تعلیمی ادارے بند

 کوروناپابندیاں: 15فروری تک توسیع،22تعلیمی ادارے بند

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،ایجوکیشن رپورٹر، نمائندہ دنیا،سیاسی رپورٹر سے ،خبر نگار سے)ملک بھر میں مزید22تعلیمی ادارے بند،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا پابندیوں میں 15 فروری تک توسیع کردی ۔

ایس او پیز کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی 10 فیصد یا اس سے زیادہ شرح والے شہروں میں پابندیاں برقرار رہیں گی۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ 12سال تک کے بچے ایک دن چھوڑ کر ایک دن سکول جائیں گے ، ان ڈور تقریبات پر پابندی برقرار رہے گی۔آؤٹ ڈور شادی تقریبات میں 300 ویکسین شدہ افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔سکولوں میں 12 سال سے زائد عمر کے سٹوڈنٹس کی مکمل حاضری ہوگی۔ 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں 12 سال سے زائد عمر کے مکمل ویکسی نیٹڈ طلبہ کو سکول آنے کی اجازت ہو گی۔

دوسری جانب 24گھنٹے کے دوران کورونامثبت کیسز کی شرح 11اعشاریہ 9 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ 25 افراد وائرس سے جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 162 ہوگئی۔ این سی او سی کے مطابق 7 ہزار 539 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔

ملک میں کورونا ویکسین کی اہل 52 فیصد آبادی کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے ۔علاوہ ازیں گورنمنٹ بوائز سکول ڈھولنوال کے تین اساتذہ کورونا میں مبتلا ہو گئے ،اتھارٹی نے پہلا سرکاری سکول ایک ہفتے کیلئے بند کردیا ۔ پشاورمیں کیسز کے پیش نظر انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور اور8سکولوں کو 10دن کیلئے بند کردیا۔

راولپنڈی میں کورونا کیسز کی وجہ سے بارانی زرعی یونیورسٹی سمیت مزید 12 تعلیمی ادارے بند کر دیئے ،سربمہر اداروں میں نو سکولز اور دو کالجز بھی شامل ہیں۔ادھر آئی جی آفس میں بھی کورونا وائر س پھیلنے لگا ہے ۔

ڈی آئی جی لوجسٹک اینڈ پروکیورمنٹ طیب حفیظ چیمہ اوراے آئی جی انکوائری وقاص الحسن کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔ پنجاب میں کورونا سے 12افراد جاں بحق ہوئے ،ان میں لاہور کے 5اور راولپنڈی کے 2مریض شامل ہیں۔ لاہورسے 1163 کیسز رپورٹ ہوئے ۔لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 15.3 فیصد رہی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں