تاحیات نااہلی کی سزا سپریم کورٹ میں چیلنج

 تاحیات نااہلی کی سزا سپریم کورٹ میں چیلنج

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نے ممبران پارلیمنٹ کی آئین کے آرٹیکل 62ون ایف کے تحت تا حیات نا اہلی کی سزا سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔

 آئین کے آرٹیکل 184/3کے تحت آئینی درخواست صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون کی جانب سے داخل کرائی گئی جس میں مو قف اپنایا گیا کہ تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں کیا جائے ، آرٹیکل 184/3 کے اختیار کے تحت سپریم کورٹ بطور ٹرائل کورٹ امور انجام نہیں دے سکتی اس معاملے کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کیو نکہ آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت عدالتی فیصلے کیخلاف کسی متاثرہ فریق کو اپیل کا حق نہیں ملتا اور عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کا حق نہ ملنا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے ۔

درخواست میں مزید مو قف اپنایا گیا کہ اپیل کے حق کے بغیر تاحیات نا اہلی نہ صرف متاثرہ فریق بلکہ متعلقہ حلقے کے ووٹرز کے بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے ،استدعا ہے کہ سپریم کورٹ عدالتی فیصلوں میں آرٹیکل 62 ون ایف کے اطلاق کے پیرامیٹرز طے کرے ،واضح رہے کہ سپریم کورٹ سابق وزیراعظم نواز شریف اور پی ٹی آئی رہنما جہا نگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62ون ایف کے تحت تا حیات نا اہل قرار دے چکی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں