منی لانڈرنگ :شہباز شریف ، حمزہ کی یکم فروری تک عبوری ضمانت منظور

منی لانڈرنگ :شہباز شریف ، حمزہ کی  یکم فروری تک عبوری ضمانت منظور

لاہور (کورٹ رپورٹر،خبرایجنسیاں)سپیشل سینٹرل عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے حوالے سے جعلی اکائونٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی دو ۔

دو لاکھ کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں،عدالت نے ایف آئی اے کو دونوں کی گرفتار ی سے روک دیا۔سینٹرل عدالت کے جج اعجاز الحسن نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی دائر عبوری ضمانت درخواستوں پر سماعت کی۔قبل ازیں عدالت نے عبوری درخواست ضمانتوں پر سماعت کرتے ہوئے دونوں کو بینکنگ جرائم عدالت سے ضمانتیں واپس لینے کی ہدایت کی تھی،حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف نے کورونا کا شکار ہونے کی وجہ سے گاڑی میں بیٹھ کر اپنی حاضری مکمل کرائی، عدالت کے استفسار پر شہباز شریف کے وکیل امجد پروز نے بتایا کہ ایف آئی اے نے بینکنگ جرائم کورٹ میں عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا اور اس عدالت میں چالان جمع کرایا ہے اس لیے یہاں درخواست ضمانت دائر کی ہے ۔

سینٹرل عدالت کے جج نے باور کرایا کہ بینکنگ جرائم کورٹ میں دونوں ملزمان کی ضمانتیں زیر سماعت ہیں اور قانون اجازت نہیں دیتا کہ ایک ہی مقدمے کی دو مختلف عدالتوں میں ضمانتیں بیک وقت سنی جائیں، بینکنگ جرائم کورٹ کا آرڈر لیکر آئیں پھر عدالت ضمانت دے گی۔

عدالت نے دونوں کو بینکنگ جرائم کورٹ سے ضمانتیں واپس لینے کا حکم دے دیا اور سماعت کچھ دیر تک ملتوی کردی۔بعدازاں شہباز شریف و حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے دوبارہ پیش ہوکر عدالتی تعمیل بارے آگاہ کیا اور عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کی صحت کے پیش نظر لمبی تاریخ دے دیں ،جسے عدالت نے مسترد کردیا اورکہا اگر وہ نہ بھی آ سکیں تو درخواست دائر کر دیجیے گا۔

مزید برآں احتساب عدالت کے جج نسیم احمد نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت4 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب گواہ شاہد محمود کا بیان قلمبند کرنے کا حکم دے دیا۔

ادھر احتساب عدالت نمبر پانچ کے جج محمد ساجد علی نے شہباز شریف، حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 7 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر وکلا کو دلائل پیش کرنے کے لیے آخری موقع دے دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں