صحافی قتل کیس،مرکزی ملزم کا اعتراف جرم، ساتھی گرفتار
لاہور (نیوز رپورٹر )ٹی وی کے صحافی کے قتل کے مرکزی ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ، ملزم نے اقرار کیا کہ صحافی کو لین دین کے تنازع پر قتل کرایا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں نجی ٹی وی کے صحافی حسنین شاہ قتل کیس کی تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے ، دوران تفتیش ملزم عامربٹ نے انکشاف کیا کہ دونوں شوٹرز کو قتل کا ٹارگٹ دیا اور 3روزتک ریکی کی گئی ، حسنین شاہ کے دفتر کے قریب پارکنگ میں گاڑی کھڑی کی تھی۔تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ مرکزی ملزم عامربٹ نے 10 سال سے شوٹرز رکھے ہوئے تھے ۔
ملزموں نے صحافی کے دفتر کے باہر 40منٹ انتظار کیا، اجرتی قاتلوں کو سہولت کاروں نے موٹرسائیکل اور اسلحہ فراہم کیا، سہولت کار سڑک کے دوسری طرف موجود رہے جبکہ اجرتی قاتل دفتر کے سامنے کھڑے رہے ،حسنین شاہ کے دفتر سے باہر آنے پرسہولت کاروں نے اجرتی قاتلوں کو اشارے سے ٹارگٹ کا بتایا۔صحافی کو قتل کرنے والے شوٹرز پہلے بھی کئی بار جیل جا چکے ہیں جبکہ کئی افراد کو گولیاں مار کر زخمی بھی کر چکے ہیں۔
اس سے قبل سی آئی اے پولیس نے ملزم عامربٹ کی نشاندہی پرایک اور مبینہ ملزم فرحان شاہ کو رحمن پورہ سے گرفتار کیا، واضح رہے پیر کے دن مقامی صحافی حسنین شاہ کو شوٹرز نے فائرنگ کرکے پریس کلب کے سامنے قتل کردیا تھا۔