متحدہ علما بورڈ نے شر پھیلانے والے 100اکائونٹ بند کرائے :اشرفی

متحدہ علما بورڈ نے شر پھیلانے والے 100اکائونٹ بند کرائے :اشرفی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیر اعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے متحدہ علما بورڈ کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا تین سالوں میں کوشش کی ہے بین المذاہب و مسالک رواداری کو فروغ دیا جائے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بورڈ نے گزشتہ ادوار کے اڑسٹھ کیسز کا فیصلہ کیا ،موجودہ دور میں ایک سوسے زائد کیسوں کے فیصلے کئے گئے ،سوشل میڈیا پر شر پھیلانے والے 100 کے قریب اکاؤنٹ بند  کرائے گئے ، محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے عملی اقدامات کئے گئے ۔

پیغام پاکستان کی ترویج و اشاعت اور عمل درآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کی ،236 درسی نصابی کتب کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا،ان کتب میں کوئی بھی شر پھیلانے والا مواد اب شامل نہیں ہے 208 کیسوں میں ہم نے عدالتوں کی رہنمائی کی ،39 اجلاس کئے جس میں حکومت کی معاونت نہیں لی گئی ہم نے ذاتی طور پر سب کیا ہے ۔

متحدہ علما بورڈ نے شکایت سیل اور رابطہ سیل قائم کیا جس میں ہزاروں معاملات حل کئے ،بورڈ میں اقلیتوں کے ساتھ ماضی میں ملاقاتیں نہیں ہوتی تھیں،ہم نے 12 اجلاسوں میں اقلیتی نمائندوں سے ملاقات کی اور مسائل حل کئے ،توہین مذہب و رسالت کے قانون کا غلط استعمال روکا کوئی ایک کیس بد نیتی پر درج نہیں ہوا،30 کیسز میں سب نے مل کر ان کو ماورائے عدالت حل کیا،لاہور کے چھ جوانوں کو ہم نے اسی وقت رہا کرنے کا حکم دیا ،سری لنکا کے وزیر تجارت نے سیالکوٹ واقع پر ہمارے لائحہ عمل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔

متحدہ علما بورڈ کام کرتا رہے گا، ہمیں اپنی کارکردگی بتانی ہوتی ہے ،کچھ کتابیں ہمارے پاس آئیں جن پر پنجاب اسمبلی نے بھی کام کیا اور وہ ضبط بھی ہوئیں،عدت والا معاملہ ہمارے پاس ابھی نہیں آیا،عدالت سے استدعا کی ہے کہ ایسا معاملہ علما کے پاس بھیج کر رائے لی جائے ، ہمیں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کتابیں بھیجتا ہے ہم اس پر اپنی رائے دیتے ہیں ۔

ہم براہ راست کتاب دیکھنے اور رائے دینے کا اختیار نہیں رکھتے ،پیغام پاکستان کے حوالے سے قانون سازی کا آغاز ہو چکا ہے ،یونین کونسل کی سطح پر امن کمیٹیاں تشکیل دینے جا رہے ہیں جس سے مقامی مسائل حل ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں