بلوچستان: دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 10 فوجی شہید: جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک، کئی زخمی 3 گرفتار: آئی ایس پی آر

بلوچستان: دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 10 فوجی شہید: جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک، کئی زخمی 3 گرفتار: آئی ایس پی آر

لاہور (نیوز ڈیسک، دنیا نیوز)بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 10 فوجی شہید جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ، تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا، باقی دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے ۔دہشت گردوں نے حملہ 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب کو کیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج ہر قیمت پر ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔دوسری طرف بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔

عدنان ملک کی نماز جنازہ آبائی گاؤں ڈھوک دولتانہ میں ادا کی گئی، پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، بریگیڈیئر فرخ نے آرمی چیف کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، نمازہ جنازہ میں پاک فوج کے افسران سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اُدھر فقیر والی میں شہید لانس نائیک یاسر نذیر کی نمازجنازہ ادا کی گئی، شہید کو آبائی گائوں 107 سکس آر میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، نمازجنازہ میں فوجی افسروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔شہید زین علی کو جہلم میں سپرد خاک کیا گیا، نماز جنازہ آبائی گائوں سنگھوئی میں ادا کی گئی، شہید کے جسد خاکی کو پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی، شہید زین کے دو بھائی اور تین بہنیں ہیں، شہید کی پانچ ماہ قبل منگنی ہوئی تھی،شہید 21 سالہ شہزاد کی نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی، فوجی اعزاز کے ساتھ نواحی گاؤں 130 نائن ایل میں سپرد خاک کیا گیا۔ 9بلوچ رجمنٹ کے سپاہی رانا فرحان سلہریا کو مریدکے میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔

شہید کے جنازے میں سینکڑوں افراد کے علا وہ پاک فوج کے بریگیڈئیر شفقت اوردیگر افسروں نے بھی شرکت کی ۔جنازے میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ۔شہید کے جسد خاکی کو پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔شہید کی والدہ نے کہا میرے سو بیٹے بھی ہوں تو ارض وطن پر قربان کردوں ۔ شہید رانا فرحان کے والد سابق فوجی افسر طارق نے کہا وطن کے دفاع میں بیٹے کی شہادت پر فخر ہے ۔بھائی نعمان نے کہا بھائی کے بعد میری بھی وطن پر قربان ہونے کی خواہش ہے ۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کیچ بلوچستان میں پاک فوج کے 10 جوانوں کی شہادت پر گہرے غم و رنج کا اظہارکیا ہے ۔وزیر اعظم نے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا جوانوں کے خون کا ایک ایک قطرہ ملک کے تحفظ کا ضامن ہے ، بزدل دشمن کا ایک مضبوط قوم سے سامنا ہے جس نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست دی ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا شہدا قوم کے ہیرو ہیں انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں