جو کوڑا جلائے گا ایک ماہ کی تنخواہ سے محروم ہو جائے گا: لاہور ہائیکورٹ

جو کوڑا جلائے گا ایک ماہ کی تنخواہ سے محروم ہو جائے گا: لاہور ہائیکورٹ

لاہور(کورٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہورہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ جو کوڑا جلائے گا ایک ماہ کی تنخواہ سے محروم ہو جائے گا۔ جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کی ،جوڈیشنل واٹر اینڈ انوائر مینٹل کمیشن نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کی ۔

ممبر واٹر کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ایچ اے نے بتایاکہ درختوں سے گرنے والے پتوں کو کھاد بنانے والے پلانٹ میں استعمال کرتے ہیں ۔رین بیلٹ میں جب لوگ کوڑا پھینکتے ہیں تو ایل ڈبلیو ایم سی والے آگ لگادیتے ہیں۔ جسٹس شاہد کریم نے شہر میں کچرانذرآتش کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سارے لاہور میں کنٹینر ہونے چاہئیں ، جن میں براہ راست کوڑا کرکٹ ڈالا جا سکے ، آئندہ جو افسربھی آگ لگانے میں ملوث ہو اسکی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹی جانی چاہئے ۔

مجسٹریٹ کو ہفتے میں5 دن روزانہ 2گھنٹے تجاوزات کیخلاف کیسز سننے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہر محکمہ بہتری سے متعلق سفارشات اعلیٰ افسر کو پیش کرے اور اعلیٰ افسر سفارشات پر عمل کرنے سے متعلق اقدامات کرے ۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کوڑا پھینکنے والوں کو جرمانے کریں گے توہی حالات ٹھیک ہوں گے ۔

ممبر واٹر کمیشن نے کہا پٹواریوں اور لوکل عملے کی مدد لے سکتے ہیں ۔جسٹس شاہد کریم نے کہا پٹواریوں سے نہیں ہوگا یہ سب ملے ہوئے ہیں پیسے کھاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کو کہتے ہیں ،ڈی سی کو حکم دیں گے اور مثال قائم کریں گے ۔عدالت نے موٹر وے کے قریب فصل کی باقیات کو آگ لگانے والے ایریا کے ذمہ دار ڈی سی کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔

جسٹس شاہد کریم کا مزید کہنا تھا کہ ہم پانی والے معاملے سے دوسری جانب نکل گئے ہیں ،ہمیں واپس آنا ہے ۔ممبر جوڈیشل کمیشن نے کہا گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے بڑی عمارتوں پر سبزے کا جائزہ لیا ہے ، ایک ہزار فی مربع فٹ کی لاگت آرہی ہے ، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ بڑی بڑی کمپنیز کیلئے کوئی مسئلہ کی بات نہیں ہے ۔ممبر جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ متبادل رنگ اور سولر پینل سے بھی گرمی کی شدت کو کم کیا جاسکتا ہے ۔

وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ عدالتی حکم پر تمام عمارتوں کی چھتوں پر سبزہ لگانے کا حکم دے دیا ہے ۔ عدالت نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ادھرپی ایس ایل 7 کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،فیصلہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر کیا گیا، عدالتی کمیشن نے رپورٹ لاہورہائیکورٹ میں جمع کرادی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں