میانوالی کے مدر،چائلڈ ہسپتال کو طیب اردوان ٹرسٹ کے سپرد کیا جائیگا:پرویز الٰہی
لاہور(سیاسی رپورٹرسے ) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں رجب طیب اردوان ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال کے وفد نے ملاقات کی ۔
جس میں پنجاب حکومت اور رجب طیب اردوان ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال کے تعاون سے ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ پرویز الٰہی نے میانوالی اورتلہ گنگ کے ہسپتالوں کو رجب طیب اردوان ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ میانوالی کے مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کی آپریشنل مینجمنٹ کو رجب طیب اردوان ٹرسٹ کے سپرد کیا جائے گا اور میانوالی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو انڈس ہسپتال ماڈل پر چلایا جائے گا۔تلہ گنگ کے تحصیل ہیڈکوارٹرزہسپتال اورپرویزالٰہی ہسپتال کے انتظامات بھی رجب طیب اردوان ٹرسٹ کے حوالے کئے جائیں گے ۔ انڈس ہسپتال انتظامیہ تلہ گنگ ٹی ایچ کیو ہسپتال اور پرویز الٰہی ہسپتال کی آپریشنل مینجمنٹ کرے گا۔میانوالی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اورنرسنگ کالج انڈس ہسپتال و ہیلتھ نیٹ ورک کے اشتراک سے آپریشنل کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو نجی شعبے کے اشتراک سے صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔
چیئرمین رجب طیب اردوان ٹرسٹ میاں محمد احسن نے میانوالی ہسپتال کو جلد ازجلد آپریشنل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کے اشتراک سے رجب طیب اردوان ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال صوبے میں 9 ہسپتال اور2ریجنل بلڈ سینٹرز کامیابی سے چلا رہے ہیں اور 35لاکھ مریضوں کو سالانہ مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ وزیر اعلٰی پنجاب اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر اصغر زیدی نے ملاقات کی جس میں صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ،ایوان وزیر اعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں پرویزالٰہی نے ہا ئیر ایجوکیشن کے فروغ کے لئے جامع پلان بنانے کی ہدایت کی۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورمیں طلبہ کیلئے تعلیمی سہولتوں میں مزید اضافہ کریں گے ۔ادارے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔