منی لانڈرنگ:مونس الٰہی کیخلاف چالان سماعت کیلئے منظور

منی لانڈرنگ:مونس الٰہی کیخلاف چالان سماعت کیلئے منظور

لاہور (کورٹ رپورٹر)سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کا چالان سماعت کیلئے منظور ، بینکنگ عدالت نے 11 اکتوبر کو ملزمان کو طلب کرلیا، چالان کے مطابق مونس الٰہی کے کیس میں بھی نائب قاصد اور چپڑاسی کا اہم کردار سامنے آ گیا۔

مونس الٰہی کے خلاف پیش کئے گئے چالان کی کاپی لاہور نیوز کو موصول ہوگئی،چالان کے متن کے مطابق نائب قاصد نواز بھٹی وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے قریبی عزیز ہیں،نائب قاصد نواز بھٹی کے 32 اکائونٹس میں تقریباً 24 ارب کا ٹرن اوور رہا ،چالان میں پنجاب اسمبلی کے چپڑاسی قیصر اقبال بھٹی کے اکائونٹ میں کروڑوں کے ٹرن اوور کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا، چالان میں مبینہ 42 بے نامی اکائونٹس کا ریکارڈ پیش کیا گیا ہے ، چالان میں چھ جعلی بینک اکائونٹس ،مونس الٰہی کے مبینہ طور پر 9 بے نامی داروں کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا،چالان میں کہا گیا کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ نائب قاصد نواز اور مظہر مونس الٰہی کے سہولت کار تھے ، ان دونوں کے نام پر مالیاتی فراڈ کیا گیا ، رحیم یار خان شوگر ملز کے 61 فیصد شیئرز دو غریب لوگوں نواز اور مظہر کے نام تھے ،دونوں غریب لوگ شوگر ملز میں 50کروڑ کی سرمایہ کاری نہیں کر سکتے ،نواز بھٹی اور مظہر نے رحیم یار خان شوگر ملز میں کسی بھی قسم کے شیئرز کی ملکیت سے لاعلمی ظاہر کی ، نواز اور مظہر کے بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ مونس الٰہی نے ان کے نام استعمال کیے ، عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے مونس الٰہی سمیت چار نامزد ملزمان کو گیارہ اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں