دماغی صحت کیلئے اقدامات یکجا کرنیکی ضرورت ہے :عارف علوی

دماغی صحت کیلئے اقدامات یکجا کرنیکی ضرورت ہے :عارف علوی

اسلام آباد(سیاسی رپورٹر ،صبا نیوز)صدر عارف علوی نے دماغی صحت کے حوالے سے وزیر اعظم آفس، وزارت منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات اور ایوان صدر کے اقدامات کو یکجا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک موثر مصنوعی ذہانت پرمبنی ہیلپ لائن تیار کر کے ملک بھر کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں مشاورت فراہم کی جاسکتی ہے ۔

ایوان صدر کے مطابق صدر نے ان خیالات کا اظہار دماغی صحت سے  متعلق فالو اپ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دماغی صحت کی سہولیات صحت مند معاشرے اور ملک کی ترقی کیلئے اہم ہیں،ذہنی صحت فراہم کرنے والے نظام کو جانچنے ، مکمل طور پر فعال بنانے کے بعد ایک جامع میڈیا مہم چاہیے ہوگی، ادھر صدر عارف علوی نے گزشتہ روز منائے گئے عالمی یوم تعلیم کے موقع پرپیغام میں کہا کہ تعلیم انسانی ترقی کا ایک اہم عنصر اور پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، تعلیم کا کسی بھی ملک کی معاشی اور سماجی ترقی سے گہرا تعلق ہے ،جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نوجوانوں کو باعزت روزگار حاصل کرنے کے قابل بنائیں گے ، انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق قابل قدر مہارتیں فراہم کریں گے اور نظام ِ تعلیم میں بہتری لائیں گے ۔علاوہ ازیں صدر مملکت نے پنجگور حملے کے شہدا کے ورثاسے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ان کے ساتھ تعزیت کا اظہارِ کیا۔انہوں نے شہداکے اہلِ خانہ سے اظہارہمدردی کیا اور ان کے صبر جمیل کیلئے دعا کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں