آئندہ الیکشن میں اداروں کو غیر جانبدار رہنا ہوگا:سراج الحق

 آئندہ الیکشن میں اداروں کو غیر جانبدار رہنا ہوگا:سراج الحق

سیالکوٹ/سمبڑیال (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے مل کر ملک کی معیشت، سیاست اور ادارے تباہ کئے ، 15 جماعتوں کی وفاقی و صوبائی حکومتوں نے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری دی۔

 جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو اس وقت اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ،آئندہ الیکشن شفاف بنانا اور اداروں کو غیر جانبدار رہنا ہوگا، ملک میں بیک وقت الیکشن کیلئے سیاسی جماعتوں کو  بات چیت کا آغاز کرنا چاہیے ، سٹیٹس کو کی محافظ جماعتیں شفاف انتخابات چاہتی ہیں نہ پائیدار جمہوریت۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمبڑیال میں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کی ہمشیرہ کی شادی کی تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ دو صوبوں میں انتخابات کی بجائے پورے ملک میں بیک وقت الیکشن ہونے چاہئیں، نگران سیٹ اپ مرکز اور صوبوں میں تشکیل دیا جائے ۔ دولت کے زور پر الیکشن لڑنے کی روایات کا خاتمہ ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہونا ہوگا ۔ظالم حکمرانوں کا تسلسل آئندہ نسلوں کو غلام رکھنے کے مترادف ہے ۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا نااہل ثابت ہو چکا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں