پنجاب پولیس،بڑے پیمانے پر تقرروتبادلے ، فہرستیں تیار
لاہور (مدثر حسین سے )پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرروتبادلوں کی تیاریاں مکمل ،4 فہرستیں بنالی گئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے آر پی اوز رینک کے افسروں کے انٹرویو مکمل کر لیے ۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کی تعیناتی اور سی سی پی او لاہور کے تبادلے کے بعد پنجاب میں بڑے پیمانے پر تبادلے کئے جا رہے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں ان افسروں کی فہرست بنائی گئی ہے جو تحریک انصاف حکومت کے منظور نظر ہیں اور اہم پوسٹوں پر انکی تعیناتی کی گئی تھی ان افسروں کو صوبہ بدر کیا جائے گا اور انکی خدمات وفاق کے سپرد کی جائیں گی ۔ دوسرے نمبر پر ان افسروں کی فہرستیں ہیں جنکو پنجاب کے دیگر صوبوں اور وفاق سے پنجاب میں رپورٹ کرایا جائے گا اورا ہم عہدوں پر ان کی تعیناتیاں کی جائیں گی جبکہ تیسرے نمبر پر وہ افسرجو پنجاب میں موجود ہیں اور سابق حکومت نے انکی سائیڈ پوسٹنگ پر تعیناتی کی ہوئی تھی، ان افسروں کو اب اہم اور پرکشش سیٹوں پر تعینات کیا جائے گا ۔ چوتھے نمبر پر ان افسروں کی لسٹیں بنائی گئی ہیں جو پنجاب کے ریجن اور اضلاع میں تعینات ہیں ۔انکو تبدیل کرکے پنجاب دیگر اضلاع اور ریجن میں تعینات کیا جائے گا ۔ 11 ڈی آئی جی رینک کے افسروں کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے انٹرویو کے لیے بلا یا ۔ اور ان کے انٹرویو وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کئے ۔جن افسروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا ہے ان میں کامران عادل صادق ڈوگر، طیب حفیظ چیمہ ، سرفراز فلکی، سہیل چودھری، ڈاکٹر عابد،رائے بابر سعید شامل ہیں۔ دیگر افسروں میں ہمایوں بشیر تارڑ، شارق کمال صدیقی ،ڈاکٹر حیدر اشرف اور وقاص نذیر شامل ہیں۔