صوبے میں شفاف الیکشن کا انعقاد ترجیح :آئی جی پنجاب
لاہور (کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ غیر جانبدار ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ،الیکشن کمیشن کی وضع کردہ ہدایات اور قوانین کے مطابق فرائض کی انجام دہی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے بطور آئی جی پنجاب عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سنٹرل پولیس آفس آمد پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی سنٹرل پولیس آفس آمدپر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز سے ملاقات کی ،میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا تقرر وتبادلے وفاقی اور صوبائی حکومت کا کام ہے جبکہ افسروں کی ذمہ داری قانون اور آئین کے مطابق فرائض کی ادائیگی ہے ۔ صوبے کو دہشتگردی کی لہر سے محفوظ رکھنے کیلئے پروایکٹو پالیسی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے ،سہولت کاروں اور شرپسند عناصر کے قلع قمع کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ نئے آئی جی پنجاب نے پروٹوکول نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، آئی جی پنجاب دفتر آتے ہوئے اور گھر جاتے ہوئے زیرو روٹس نہیں لیں گے ۔ دریں اثنا سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے بھی گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔قبل ازیں سابق سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے اپنے لاہور پولیس کے سینئر افسروں سے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں الوداعی ملاقات کی۔سینئر پولیس افسروں نے ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کو تحائف،سوینئرز اور گلدستے پیش کئے ۔ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگرنے بطور سی سی پی او لاہور پولیس کی کمانڈ کے دوران بھرپور تعاون پر اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔