این ڈی ایم اے اور عالمی بینک کاورکنگ گروپ پراتفاق
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور عالمی بینک نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچانے کی خاطر باہمی تعاون کا فریم ورک تیار کرنے کیلئے ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ورلڈ بینک کی ٹیم نے منگل کے روز ملاقات کی جس میں قدرتی آفات کے خطرات سے دوچار خطوں کے تحفظ اور قدرتی آفات کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کو این ڈی ایم اے کے ایک اہم فورم کے طور پرفعال کرنے کے عزم کا اظہار کیا جس کے ذریعے آفات کی قبل از وقت آگاہی، انتباہی نظام اور احتیاطی تدابیر سے متعلق اہم معلومات حاصل کرنے اور متعلقہ اداروں و عوام میں آگاہی، تیاری اور پیشگی رسپانس کے ساتھ ساتھ فرضی مشقوں کیلئے مدد ملے گی۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے ٹیم کوآگاہ کیا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم) کو ہنگامی صورتحال کے حوالے سے ایک قومی تھنک ٹینک کے طور پر تشکیل دے رہے ہیں جس کے تحت قومی یونیورسٹیوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے خطرے کے پیش نظر تحقیق اور مطالعہ کیلئے ایک پلیٹ فارم کی تشکیل بھی کی جائے گی۔ ملاقات میں پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے محفوظ بنانے کیلئے باہمی تعاون کا فریم ورک تیار کرنے کیلئے این ڈی ایم اے اور ورلڈ بینک کا ایک ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔