پہلی سے پانچو یں جماعت تک کا سلیبس تبدیل کر دیا گیا

پہلی سے پانچو یں جماعت تک کا سلیبس تبدیل کر دیا گیا

لاہور(سید سجاد کاظمی)وفاقی حکومت نے پہلی سے پانچو یں جماعت تک کا سلیبس تبدیل کردیا۔ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ماتحت ادارے نیشنل کریکولم کونسل نے ایک مرتبہ پھر پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک کا نصاب تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نجی پبلشروں نے اس فیصلے کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلانے کی تیاریاں شروع کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ماتحت نیشنل کریکولم کونسل کی ڈائریکٹر مریم چغتائی کی جانب سے تعلیمی سال 2024,25 کے لیے پہلی سے پانچویں جماعت کی نئی درسی کتب کے لیے نجی پبلشروں سے ایک اشتہار کے ذریعے نئے نصاب کے مطابق مسودے مانگے گئے ہیں۔نیشنل کریکولم کونسل کے اس فیصلے کے خلاف نجی پبلشروں کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ ٹیکسٹ بک پبلشرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواز نیاز نے گزشتہ روز ہنگامی بنیادوں پر نجی پبلشروں کا اجلاس بلا کر حکومتی فیصلے کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلانے کی تیاریاں شروع کر دیں۔واضح رہے ڈائریکٹر این سی سی کی جانب سے وفاقی حکومت کے یکساں قومی نصاب کے نفاذ کے فیصلے پر عملدرآمد کے بعد سے وقفے وقفے سے پہلی سے پانچویں جماعت کے نصاب میں تبدیلیوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کی وجہ سے نجی پبلشروں کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں