الگ الگ انتخابات پر8سے 10ارب اضافی اخراجات کاتخمینہ

الگ الگ انتخابات پر8سے 10ارب اضافی اخراجات کاتخمینہ

اسلام آباد(وقائع نگار)پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات ایک ہی روز نہ ہونے سے انتخابی اخراجات کا تخمینہ بڑھ گیا۔الگ الگ عام انتخابات کروانے پر 55 ارب روپے سے زائد اخراجات ہوں گے ۔

 الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے اخراجات کے متعلق وفاقی حکومت کو دوبارہ خط لکھنے کا فیصلہ  کیا ہے ۔ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایاہے کہ الیکشن کمیشن نے پہلے عام انتخابات ایک ہی روز کروانے پر 47 ارب روپے کا تخمینہ لگا کر وفاقی حکومت کو خط لکھا تھا جس پر اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظوری کے بعد کابینہ سے بھی منظوری لی گئی تھی جس کے بعد وفاقی حکومت نے عام انتخابات کی تیاریوں کیلئے الیکشن کمیشن کو 5 ارب جاری بھی کر دیئے تھے تاہم پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعدالگ الگ انتخابات کروانے کی صورت میں الیکشن کمیشن وفاقی حکومت کو دوبارہ خط لکھ کر اخراجات کی نئی تفصیل بھجوائے گااورالگ الگ انتخابات کیلئے مجموعی طور پر55 ارب روپے سے زائد انتخابی اخراجات مانگے جائیں گے ۔دو صوبوں اور ضمنی انتخابات الگ سے کروانے پر 8 سے 10 ارب روپے تک اضافی اخراجات آئیں گے ، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک دو روز میں وفاقی حکومت کو خط لکھا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں