ڈاکے چوریاں، چوہنگ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری زخمی

ڈاکے چوریاں، چوہنگ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری زخمی

لاہور(سپیشل کرائم رپورٹر)شہر میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے ، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاسے محروم ہو گئے ، چوہنگ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری زخمی ہو گیا۔

 تفصیلات کے مطابق دوران گشت پولیس ٹیم کے روکنے کی کوشش پر موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر عمر اویس زخمی ہوگیا، اسے فوری جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعات میں ڈاکوؤں نے شالیمار میں راشد کے گھر سے 7 لاکھ69 ہزار مالیت کی نقدی ، زیورات اور دیگر اشیا، مصطفی آباد میں سلیم سے 80 ہزار روپے اور موبائل فون ،سندر  میں عمران سے 52 ہزار روپے اور موبائل فون،اقبال ٹاؤن میں سعدیہ سے 18 ہزار روپے اور موبائل فون، قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں حذیفہ سے ہزاروں روپے اور موبائل فون لوٹ لئے ۔نامعلوم چور نے مانگا منڈی میں اقبال کے گھر سے چھ لاکھ مالیت کی نقدی ،زیورات اور پرائز بانڈ چوری کر لئے ۔ ادھر جنوبی چھاؤنی، نصیر آباد، غالب مارکیٹ، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، ڈیفنس اور ہنجروال سے کاریں جبکہ باغبانپورہ ، چوہنگ ،گڑھی شاہو،اسلام پورہ،غازی آباد، راوی روڈ، ساندہ، مصری شاہ، لوہاری گیٹ، نولکھا، مصطفی ٹاؤن، مزنگ، داتا دربار اورشفیق آباد سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں