ایل پی جی 300روپے کلو سے اوپر ،ڈسٹری بیوٹرز کی 28 جنوری سے ہڑتال

ایل   پی   جی   300روپے   کلو  سے  اوپر ،ڈسٹری   بیوٹرز   کی   28   جنوری   سے   ہڑتال

کراچی(بزنس رپورٹر) ایل پی جی کی قیمت ملکی تاریخ میں پہلی بار فی کلو300روپے سے زائد کی سطح پر پہنچ گئی ،دوسری جانب ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز نے ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ اورزائد نرخوں پر 28جنوری سے ہڑتال کا اعلان کیا ہے جبکہ بدھ کو پورٹ قاسم کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

 ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرکاری اداروں نے ہی حکومتی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے بلیک مارکیٹ کے ذریعے ایل پی جی کی قیمت کو 300روپے کلو کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچایاہے ، گھریلو سلنڈر کی قیمت 235روپے بڑھ کر 3550روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 908روپے بڑھ کر 13620روپے کی بلند سطح پر آگئی ہے ۔ اوگرا کی فی کلوگرام ایل پی جی کی مقررہ قیمت 204روپے ہے لیکن اس کے برخلاف سرکاری ادارے ایس ایس جی سی نے فی کلو ایل پی جی کی قیمت 300روپے تک پہنچادی ہے ۔ عرفان کھوکھر نے بتایا کہ جاری بحرانی حالات میں سرکاری گیس کمپنی مافیا بن گئی ہے جو فی ٹن ایل پی جی پر ایک لاکھ روپے کی منافع خوری کررہی ہے ، اس وقت ملک ڈالر کی قلت کے علاوہ بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے اور ان حالات میں مافیا سے چھٹکارا حاصل کرکے زیادہ سے زیادہ خود انحصاری کے اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامشورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ گزشتہ 31ماہ سے بند رکھی گئی ہے ، اگر جے جے وی ایل کو آپریشنل کردیا جائے تو اس سے ملک میں یومیہ 550 میٹرک ٹن سے 750میٹرک ٹن ایل پی جی کی پیداوار حاصل کرکے مافیا کی اجارہ داری کا خاتمہ اور صارفین کے لیے ایل پی جی کو مقررہ سرکاری قیمت پر لایا جاسکتا ہے ۔ عرفان کھوکھر نے بتایا کہ جے جے وی ایل کی 31ماہ بندش سے ریونیو کی مد میں حکومت کو اب تک 157ارب روپے کا خسارہ ہوچکا ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں