لاہور :مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ،سردی میں اضافہ
لاہور،شانگلہ،سوات(آئی این پی،صباح نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں منگل کو رات گئے ہلکی بارش ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ،شہر میں دن بھر بادل چھائے رہے ۔
دوسری جانب پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ شانگلہ کے صدر مقام الپوری سمیت مختلف بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، وادی شانگلہ کو یخ بستہ ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ، بجلی کا نظام معطل، مارکیٹوں میں ہو کا عالم ، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ۔ موبائل نیٹ ورک اور فور جی سروسز بھی متاثر ہیں۔ الپوری سے شانگلہ ٹاپ، یختن گے ، چکیسر کنڈاؤ سر، اجمیر اور دیگر علاقوں کی رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے ۔سوات میں ایک دن وقفہ کے بعد بارش وبرفباری کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا، میدانی علاقوں میں شدیدبارش اورپہاڑی وسیاحتی مقامات مالم جبہ ، کالام اور مرغزار میں برفباری سے پوری وادی میں ایک بار پھر شدید سردی کی لہر شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کا گھروں سے نکلنا محال ہوگیا ،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش و برفباری کا سلسلہ آئندہ ہفتے تک جاری رہے گا۔