طویل بریک ڈاؤن کے بعد ہر گھنٹے بجلی بند،پانی کی شدید قلت :دو دن لوڈ شیڈنگ جاری رہے گی:وزیزتوانائی

طویل   بریک   ڈاؤن   کے   بعد   ہر  گھنٹے   بجلی   بند،پانی   کی   شدید   قلت :دو  دن    لوڈ   شیڈنگ    جاری   رہے   گی:وزیزتوانائی

لاہور،اسلام آباد ،کراچی(اپنے کامرس رپورٹر سے ،وقا ئع نگارخصوصی،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں طویل بریک ڈائون کے بعد ہر گھنٹے بجلی بند ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

 شہریوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا رہا، وزیر توانائی نے کہا ملک بھر میں بجلی کا نظام بحال کردیا تاہم دو دن لوڈ شیڈنگ جاری رہے گی،حکومت کی طرف سے نظام کی مکمل بحالی کے دعوے  کے باوجود کئی شہروں کے مختلف علاقوں میں بجلی تعطل کا شکار ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہوگیا، بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث لیسکو کا کوٹہ بھی کم کردیا گیا، لیسکو کی بجلی کی طلب 2950 میگاواٹ ہے ،این پی سی سی کی جانب سے 1900 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے ،لیسکو کو 1050 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے ۔بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے کاروبار بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور گھریلو صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ، شہریوں میں 12گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ دیہات میں ہر گھنٹے بعد دوگھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی، ہر گھنٹے کے بعد بجلی بند ہونے سے پانی کی بھی شدید کمی کا سامنا رہا۔ ملک بھر میں ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروس دوسرے روز بھی متاثر رہی، پچھلے 24 گھنٹے کے دوران ٹیلی کام کمپنیز 5لاکھ لٹر زائد ایندھن استعمال کر چکی ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا بریک ڈائون کی وجہ سے ہمیں تکنیکی فالٹ کا سامنا رہا،ہم ابھی بھی تکنیکی فالٹ کو درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم پورے ملک میں بجلی بحال کردی ہے ،چیئرمین واپڈا نے بجلی بحالی میں ہماری معاونت کی، ورسک پاورسٹیشن سے بجلی کی ترسیل میں ہمیں ریلیف ملا،اب ملک بھرمیں ایک ہزار 112گرڈ سٹیشن بحال ہیں، کراچی پاور پلانٹ میں تفتیش کی تو معلوم ہواکہ پرانے کنڈ کٹرز لگائے گئے تھے ،ہمیں ہیکنگ کے معاملے کوبھی دیکھنا ہوگا،سسٹم میں ہیکنگ کے ذریعہ بیرونی مداخلت کے امکانات کم ہیں تاہم تحقیقات کریں گے کہ سسٹم میں ہیکنگ کے ذریعہ بیرونی مداخلت تونہیں؟گزشتہ حکومت نے سسٹم میں نئی سرمایہ کاری نہیں کی۔ آئندہ 48گھنٹے میں ملک میں محدود پیمانے پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوگی ، پرسوں تک مکمل بجلی کی ترسیل کا عمل مکمل ہوجائے گا۔وزیراعظم نے بریک ڈائون کی انکوائری کیلئے 3رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی مصدق ملک کریں گے ،بریک ڈائون کی انکوائری کمیٹی براہ راست معاونت فراہم کرے گی، ہم بھی ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے اور انہیں تمام معلومات فراہم کریں گے ،انکوائری کمیٹی بجلی بریک ڈائون پر وزیراعظم کو رپورٹ دے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں