امریکی سائفر کی تحقیقات،جسٹس طارق مسعود کی چیمبر اپیلیں سننے سے معذرت
اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ کے جج جسٹس سردار طارق مسعود نے مبینہ بین الاقوامی سازش کے ذریعے سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ختم کرنے کے معاملے میں امریکی سائفر کی تحقیقات کے لیے چیمبر اپیلیں سننے سے معذرت کر لی ہے اور معاملہ چیف جسٹس کو واپس بھجوا دیا ہے ۔
یہ اپیلیں جسٹس سردار طارق مسعود کے سامنے ان چیمبر سماعت کیلئے مقرر کی گئی تھیں جس پر فاضل جج نے سائفر کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلیں سننے سے معذرت کرلی اور ان کو واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے ،جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان سائفر تحقیقات کیلئے ان چیمبر اپیلوں کو کسی اور جج کے سامنے مقرر کر دیں،سائفر کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی تھیں،رجسٹرار آفس نے درخواستوں پر مختلف اعتراضات عائد کر کے واپس کر دیا تھا۔ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ سمیت دیگر نے رجسٹرار کے اعتراضات کیخلاف چیمبر اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔