ملک نہیں حکمران ناکام،اوورسیز پاکستانیز دیوالیہ ہونے سے بچاسکتے:سراج الحق

ملک  نہیں   حکمران   ناکام،اوورسیز   پاکستانیز   دیوالیہ  ہونے   سے   بچاسکتے:سراج  الحق

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا پاکستان نہیں حکمران ناکام ہو گئے ، اوورسیز پاکستانیز ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا سکتے ہیں، وہ ہر سال 30ارب ڈالر بھیجتے ہیں۔

 ان کا اعتماد بحال ہو جائے تو ترسیلات زر 50ارب ڈالر تک جا سکتی ہیں مگر یہاں چند ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف کے ترلے ہو رہے ہیں۔ مسلط حکمرانوں کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ کی تنزلی 92 نمبر تک پہنچ گئی، صرف یمن، افغانستان اور صومالیہ کے پاسپورٹس نیچے ہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ایسا پاکستان بنائے گی جس کے پاسپورٹ پر اوورسیز فخر کریں گے ، پہلی جدید اوورسیز یونیورسٹی قائم کریں گے ۔ جماعت اسلامی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھرپور آواز اٹھائے گی۔ اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے جدید پاکستان کی تعمیر کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے یہاں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں 26 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔سراج الحق نے کہا اوورسیز کے ہوتے ہوئے ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کے قرضے کی ضرورت نہیں، ان کا کہنا تھا جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر اعتماد بحال کرے گی اور قرض فری پاکستان کی بنیاد رکھے گی۔ 90 لاکھ اوورسیز کو محسن پاکستان شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا، ان کی فیملی اور پراپرٹیز کی حفاظت یقینی بنا ئی جا ئیگی ۔ اوورسیز کو ووٹ کا حق دیا جائے ، پارلیمنٹ میں مخصوص نشستیں رکھی جائیں اور زمینوں ، جائیدادوں پر قبضہ و دیگرمسائل کے حل کیلئے ڈیسک قائم کیے جائیں، ان کے مسائل حل نہ ہوئے تو حکمرانوں کو گریبانوں سے پکڑا جائے گا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے ملک کو ہر لحاظ سے تباہ کیا۔ حکمران ٹرائیکا نے عالمی سطح پر پاکستان کو بھکاری بنا کر پیش کیا اور 22کروڑ عوام کی توہین کی۔ ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے کنونشن میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے 19 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں