بدنیتی پرصرف نتیجہ درست نہیں کارروائی ہوگی:چیف الیکشن کمشنر

بدنیتی پرصرف نتیجہ درست نہیں کارروائی ہوگی:چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد ،کراچی(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک )الیکشن کمیشن آف پاکستان میں کراچی میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات میں بے قاعدگیوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ بدنیتی ثابت ہونے پر صرف انتخابات کا نتیجہ درست نہیں ہوگا بلکہ ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی بھی ہوگی۔

 چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی،جماعت اسلامی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہاچلیں میں دھاندلی کا الزام نہیں لگاتا، لیکن بڑے پیمانے پر بے ضابطگی ہوئی، یہ 6 یونین کونسلز ایک مثال ہے جن کو الیکشن کمیشن لایا ہوں، پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے ایک کونسل میں ایک سے 2 ہزار ووٹوں کی گنتی میں ہی غلطی کردی گئی، مثال کے طور پر منگھوپیر یو سی 12 میں 4 ہزار 538 ووٹ ڈالے گئے جب کہ لکھا گیا کہ درست ووٹ 5 ہزار 110 ہیں،ایک یو سی میں فارم الیون کے مطابق جماعت اسلامی کے 2 ہزار 88 اور پیپلز پارٹی کے 546 ووٹ تھے ،آر او رزلٹ میں پیپلز پارٹی کے ووٹ 1988 کر دیئے گئے ، ہر یو سی میں سینکڑوں ووٹوں کا فرق ہے ،آر اوز تو غائب ہوگئے وہ تو الیکشن کمیشن کے ملازم نہیں، آر اوز اور پولنگ عملے نے بہت زیادتی کی،پیپلز پارٹی کے وکیل نے کہا ابھی تک حتمی نتائج مرتب نہیں ہوئے ، الیکشن کمیشن فوری حتمی نتائج جاری کرے ،دوران سماعت متعلقہ آر اوز بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ،چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن ترجیح دیتاہے کہ آر او انتظامیہ سے ہو، سندھ میں ہمارا تجربہ اچھا نہیں رہا، آپ سرکاری ملازم ہیں ، آپ نے ٖ غیر جانب دار ہو کر کام کرنا ہے ، بعدازاں سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں