ن لیگ بلوچستان:نئے شامل ہونیوالوں کو ایڈجسٹ کرنیکا فیصلہ

ن لیگ بلوچستان:نئے شامل ہونیوالوں کو ایڈجسٹ کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (طارق عزیز)مسلم لیگ ن کی قیادت نے بلوچستان کی صوبائی تنظیم میں رد و بدل اور نئے شامل ہونے والے رہنمائوں کو ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

 امکان ہے کہ قائم مقام صدر جمال شاہ کاکڑ کو دوبارہ صوبائی جنرل سیکرٹری مقرر کیا جائے گا، صدر  

کے لئے شیخ جعفر مندو خیل سمیت دیگر نام زیر غور ہیں۔ جام کمال ، جان جمالی، سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے صاحبزادوں کو پارٹی میں شمولیت کے لئے پا رٹی کی سینئر قیادت کو ذمہ داری سونپ دی گئی ۔ نواز شریف سے گز شتہ روز لندن میں بلوچستان سے شیخ جعفر مندو خیل ، چودھری نعیم کریم نے ملاقات کی جس میں مریم نواز ، رانا ثنا اللہ،سینیٹر افنان اللہ اور دیگر رہنما موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے لئے سینیٹر پرویز رشید نے وقت لیکر دیا تھا۔ اس موقع پر نواز شریف کو بلوچستان کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ جعفر مندو خیل جو سال ڈیڑھ سال قبل مریم نواز کے دورہ کوئٹہ کے دوران ن لیگ میں شامل ہوئے تھے ا نہوں نے نواز شریف کو بلوچستان کی سیا سی، امن و امان کی صورت حال سے آگاہ کیا ۔ نواز شریف نے بلوچستان کے وفد کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی تنظیم اور نئے رہنمائوں کی شمولیت بارے تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز پاکستان پہنچ کر بلوچستان کا دورہ کریں گی۔ اور تنظیمی امور کو دیکھیں گی۔ اس موقع پر نواز شریف نے ہدایت کی کہ سینئر سیا ست دان سردار یعقوب ناصر سے جا کر ملاقات کریں اور ا نہیں اعتما دمیں لیں۔ ملاقات میں دیر ینہ کارکنوں سیدال خاں ناصر، چودھری نعیم کریم، لیاقت لہڑی، رفیق افغان اور سابق سپیکر راحیلہ درانی کو پارٹی میں نئی ذمہ داریاں دینے بارے مشاورت کی گئی اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں