پاکستان ،سعودیہ کی ہیگ میں قرآن کی بے حرمتی کی مذمت

پاکستان ،سعودیہ کی ہیگ میں قرآن کی بے حرمتی کی مذمت

اسلام آباد ،ریاض(وقائع نگار،اے پی پی)پاکستان اورسعودی عرب نے نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی اور کہا یہ گھناؤنا فعل آزادی اظہار رائے کی آڑ میں اشتعال انگیزی اورنفرت انگیز جرم ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے ،اس سے عالمی برادری کے درمیان انتشار پیدا ہو سکتا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا پاکستان کا ہمیشہ یہ موقف رہا کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ ہے ، یہ حکومتوں اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی گھناؤنی کارروائیاں روکیں جو مذہبی منافرت اور تشدد کو ہوا دینے اور بھڑکانے کے مذموم مقاصد کے ساتھ کی جا تی ہیں ۔ عالمی برادری کو اسلامو فوبیا کے خلاف اپنی اجتماعی آواز اٹھانی اور بین المذاہب ہم آہنگی و پرامن بقائے باہمی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 15 مارچ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن منانے کی قرارداد کی منظوری میں بھی یہی روح کارفرما تھی۔ادھرسعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ یہ اقدام دنیا بھر میں لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے والا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بات چیت، رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ اور نفرت اور انتہا پسندی کو مسترد کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں