کرپشن :سابق رجسٹرارسپریم کورٹ امین فاروقی کی سزامعطل

کرپشن :سابق رجسٹرارسپریم کورٹ امین فاروقی کی سزامعطل

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ نے نیب کرپشن ریفرنس میں سابق رجسٹرار سپریم کورٹ امین فاروقی ،جاوید اقبال بنگش وغیرہ کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سزائیں معطل کردیں ،جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

 ملزمان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہو ئے بتایا کہ ملزم امین فاروقی دس سال قیدمیں سے آٹھ سال سزا کاٹ چکا ہے ،اگر کیس کا حتمی فیصلہ نہ ہوا ہو تو اصول قانون یہ ہے کہ آدھی سزا کاٹنے پر سزا معطل کردی جاتی ہے ،رجسٹرار نے کیشئر کے نوٹ پر رقم بینک میں جمع کرانے کی اجازت دی تھی،شواہد میں کہیں بھی امین فاروقی کے براہ راست فائدہ لینے کا ذکر نہیں ،جس پر جسٹس منیب اختر نے کہارجسٹرار چاہتے تو نوٹ کو واپس بھی بھجوا سکتے تھے ،اپنے اختیارات کا استعمال نہ کرنا بھی جرم ہے ،عدالت کا حکم رقم کو محفوظ کرنے کیلئے تھا منافع کیلئے نہیں،جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا ایسے شواہد ہیں کہ اس وقت سب کو پتا تھا کہ بینک ڈوب رہا ہے ،خواجہ حارث نے کہا رجسٹرار سے کوتاہی ہوئی اورطریقہ کار کی کوتاہیاں جرم نہیں ہو سکتیں، عدالت نے اپیلوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کی سزائیں معطل کردیں،واضح رہے کہ سابق رجسٹرار سپریم کورٹ امین فاروقی نے 2005 میں 59 کروڑ روپے اسلامک انویسٹمنٹ بینک میں منافع پر رکھے تھے اوربینک بند ہونے کے باعث رقم ڈوب گئی تھی ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں