پولیس کی غیر معیاری تحقیقات،عدالتوں کو فیصلوں میں مسائل کا سامنا :سپریم کورٹ

پولیس  کی   غیر  معیاری   تحقیقات،عدالتوں  کو   فیصلوں   میں   مسائل   کا   سامنا  :سپریم  کورٹ

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ نے سیاسی بنیادوں پر پولیس افسران کی تعیناتیوں اور تبادلوں کے خلاف کیس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پولیس سے متعلق معاملات میں پولیس آرڈر 2002پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو فوجداری مقدمات کی تفتیش کیلئے تجربہ کار اور ماہر افسران مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی ، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی،دوران سماعت چاروں صوبوں کی طرف سے پولیس افسران کی پوسٹنگ اور تبادلوں سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے رپورٹ جمع نہیں ہوئی،عدالت نے وفاقی حکومت کو رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آبزرویشن دی کہ پولیس کی غیر معیاری تحقیقات کی وجہ سے عدالتوں کو مقدمات کے فیصلے میں مسائل کا سامنا ہوتا ہے ،چیف جسٹس نے کہاپولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی تمام رپورٹس میں فنڈز نہ ملنے کاکہا گیا ہے ،پولیس کو تفتیش و تحقیقات کیلئے گاڑیاں تک دستیاب نہیں ہوتیں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاانویسٹی گیشن میں مسائل نیشنل پولیس بورڈ کا اجلاس نہ ہونے کی وجہ سے پیش آرہے ہیں ،تواتر کے ساتھ پولیس بورڈ کے اجلاس ہوں گے تو یہ مسائل ختم ہوں گے ،فاضل جج نے استفسار کیا کہ نیشنل پولیس بورڈ کا آخری اجلاس کب ہوا تھا؟،تاہم عدالت کے سوال کا مناسب جواب نہیں دیاگیا ، عدالت عظمیٰ نے مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ پولیس کو جاری ہونے والے فنڈز کے حوالے سے آگاہ کیا جائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں