ڈاکے چوریاں، ٹرالی سے ٹکرا کر 1ڈاکو ہلاک، 2 فرار

ڈاکے چوریاں، ٹرالی سے ٹکرا کر 1ڈاکو ہلاک، 2 فرار

لاہور(سپیشل رپورٹر،سپیشل کرائم رپورٹر، نمائندہ دنیا )شہر میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے ، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم ہو گئے ، فرار کے دوران ایک ڈاکو ٹرالی سے ٹکرا کر ہلاک ہوگیا، ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے کار سوار زخمی کر دیا، شیراکوٹ میں پولیس نے مقابلے کے بعد 2 ڈاکو گرفتار کر لئے ۔

 تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی تالاب سرائے میں پولیس کو دیکھ کر تین ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کی، اس دوران ٹرالی سے جا ٹکرائے جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ، باقی 2 موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت کی جا رہی ہے ۔ادھر پانڈوکی کے کار سوار محمد اسلم کو ڈاکوؤں نے روک کر اس سے 50 ہزار روپے اور موبائل چھین لیا ، مزاحمت پر ٹانگ پر گولی مار دی ، اسے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ادھر شہری کو لوٹ کر فرار ہونیوالے 2 ڈاکوؤں نے رکنے کا اشارہ کرنے پر ڈولفن پولیس پر فائرنگ کر دی، تاہم اہلکاروں نے ان کا تعاقب کرکے انہیں پدرو گاؤں کے قریب راؤنڈ اپ کیا، 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرکے تھانہ شیراکوٹ کے حوالے کر دیا۔ دیگر واقعات میں ڈاکوؤں نے لٹن روڈ پر بابر علی کے زیر تعمیر گھر سے 16لاکھ مالیت کے زیورات،نقدی اور موبا ئل فون، لاری اڈا پر مدثر سے 4 لاکھ روپے اور موبائل فون، اسلام پورہ میں افضل سے 5 لاکھ روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں ساجد سے 4 لاکھ روپے اور موبائل فون، لوئر مال پر شہزاد سے 2 لاکھ روپے اور موبائل فون، ساندہ میں تنویر سے 3 لاکھ روپے اور موبائل فون، مسلم ٹاؤن میں اختر کی فیملی سے 3 لاکھ 70 ہزار روپے اور موبائل فون، مانگا منڈی میں سلیم کی فیملی سے 5 لاکھ 60 ہزار روپے اور موبائل فون، کوٹ لکھپت میں ابراہیم کی فیملی سے 3 لاکھ روپے اور زیورات ، باغبانپورہ میں نادر علی ،کاہنہ میں کاشف ، ساندہ میں حیدر علی ،شاہدرہ میں معظم مسیح اور رائے ونڈ میں محمدرفیق سے موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھین لئے ۔نامعلوم چور گجر پورہ میں کاشف علی کے گودام سے 12 لاکھ سے زائد مالیت کا پیتل لے اڑے ۔ ادھر جنوبی چھاؤنی، ماڈل ٹاؤن، ڈیفنس، لاری اڈا اور چوہنگ سے کاریں جبکہ کاہنہ، اسلام پورہ، غازی آباد، راوی روڈ، ساندہ، ہنجروال سے موٹرسائیکلیں چوری ہوگئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں