سزا پوری کرنیوالے قیدیوں کو رہا کرانے کے اقدامات کرینگے :محسن نقوی

سزا  پوری  کرنیوالے  قیدیوں  کو  رہا  کرانے  کے  اقدامات  کرینگے :محسن  نقوی

لاہور (سپیشل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا اچانک دورہ کیا اور 2 گھنٹے مرد و خواتین قیدیوں کے مسائل سنے اور فراہم کردہ سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

جیل میں ایک چارپائی پر 3 خواتین قیدی موجود تھیں جبکہ سزائیں پوری ہونے کے باوجود بعض قیدی سلاخوں کے پیچھے زندگی گزارنے پر مجبور تھے ۔ بعض کی اپیلیں 10،10 سال تک نہیں لگیں۔ والد کے انتقال کے باوجود خاتون قیدی کو پیرول پر رہائی نہ مل سکی۔محسن نقوی نے بیرکس کا معائنہ کیا، مسائل پوچھے اور جیل عملے کے سلوک کے بارے دریافت کیا۔ کچن کا معائنہ کیا اور کھانے کی کوالٹی چیک کی۔ جیل ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کے لئے میڈیکل کی سہولتوں کاجائزہ لیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔ محسن نقوی نے جیل ہسپتال میں مریضوں کو اچھا علاج معالجہ اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گردے و جگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کا علاج پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ سے کرایا جائے اور اس ضمن میں پی کے ایل آئی کا فوکل پرسن مقرر کیا جائے ۔ سیکرٹری صحت مریضوں کو پی کے ایل آئی ریفر کرنے کیلئے انتظام کریں۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدی خواتین کے بچوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے خواتین قیدیوں کے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر اور ڈے کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیدی بھی انسان ہیں، انہیں بنیادی سہولتیں ملنی چاہئیں۔سزائیں پوری کرنے والے قیدیوں کو رہا کرانے کے لئے اقدامات کریں گے ۔

ایک قیدی کے لئے ایک چارپائی ہونی چا ہئے ۔3 خواتین قیدیوں کے لئے ایک چارپائی ظلم ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس قیدی خاتون کے والد انتقال کر گئے ہیں کو پیرول پر رہاکرنے کا فوری انتظام کیا جائے ۔ سزائیں پوری کرنے کے باوجود جیل میں بند قیدیوں کی رہائی کے لیے عدلیہ سے بات کریں گے ۔ محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر کو بھی فوری طلب کیا اور انہیں مسائل کے حل اور جیل کے باقاعدہ دورے کرکے صورتحال کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لینے کی ہدایات دیں۔ دریں اثنا محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔نگران وزیراعلیٰ نے ڈینگی اور کورونا سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کاحکم دیتے ہوئے کہاہے کہ انسداد ڈینگی کے کیلنڈر پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایاجائے ۔ انسداد ڈینگی کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں اورایس او پیز کو فالو کیاجائے ۔ محسن نقوی نے سپرے پمپس اور دیگر ضروری آلات کو فنکشنل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ان ڈور او رآؤٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈیش بورڈ پر مستند ڈیٹا اپ لوڈ ہونا چاہیے ۔ ڈینگی کی تشخیص کے لئے سی بی سی ٹیسٹ 95روپے میں ہوگا۔سیکرٹریز کو مختلف علاقے تفویض کئے جائیں گے اور وہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کو خود مانیٹر کریں گے ۔ پنجاب میں کورونا کی صورتحال نارمل ہے ۔ عوام کو احتیاط کرکے کورونا سے محفوظ رہنا ہے ۔ 2ڈوززلگوانے والے شہریوں کو بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔ محسن نقوی نے کابینہ سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں