میٹرو بس،اورنج ٹرین کا بزنس ماڈل منظور :عوام کیلئے محفوظ سفر ترجیح:محسن نقوی

میٹرو بس،اورنج  ٹرین  کا  بزنس  ماڈل  منظور :عوام  کیلئے  محفوظ  سفر  ترجیح:محسن  نقوی

لاہور (سپیشل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا 23 واں اجلاس ہوا۔

 اجلاس میں اتھارٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اوربہاولپور، لودھراں  سپیڈو بس سروس کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی جبکہ بہاولپور، لودھراں بس سروس کیلئے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ذریعے پرائیویٹ کنٹریکٹر کی خدمات حاصل کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں میٹرو بس ، اورنج ٹرین سٹیشنز کے بزنس ماڈل کی اصولی منظوری دی گئی،سٹیشنز پر سٹال، اے ٹی ایم اور وینڈنگ مشینیں نصب کرنیکی تجویز پر غور، بہاولپور،لودھراں سپیڈوبس کے کنٹریکٹ میں توسیع کردی گئی ، اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کیلئے محفوظ سفر حکومت کی ترجیح ، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں سٹیشنز اور روٹ پر ڈیجیٹل سٹیمر، گلاس بورڈ اور دیگر اشتہارات کے دیگر ٹولز متعارف کرانے پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں اسلام آباد، راولپنڈی میٹروبس سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام اور اعلیٰ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ نے جوہر ٹاؤن میں واک این شاپ ایرینا اور اکبرچوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔

محسن نقوی نے واک این شاپ ایرینا کے مختلف حصوں کا معائنہ کیااور فلائی اوور پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیااورایرینا میں اٹالین، امریکن، چائنیز،سپانیش اور مغلیہ طرز کے پویلین دیکھے ۔محسن نقوی نے واک این شاپ ایرینا کی جلد نیلامی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کو شفاف انداز سے نیلام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جوہر ٹاؤن، خیابان فردوسی پر واقع واک این شاپ ایرینا سرمایہ کاروں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گا۔اس پراجیکٹ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے ۔کمشنر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے نے بتایا کہ واک این شاپ ایرینا 130 کینال پر تعمیر کیا گیا ہے ۔ایرینا میں کاروبار کے لیے مختلف سائز کے 84 یونٹس اور روف ٹاپ ریستوران کے مواقع موجود ہیں۔محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کو اگست میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، جوہرٹاؤن، ٹاؤن شپ، پیکو روڈ، کینال روڈ، کوٹ لکھپت اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے رہائشی مستفید ہوں گے ۔ پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران ایک درخت بھی نہیں کاٹا جائے گا۔ محسن نقوی کو بتایا گیا کہ جناح ہسپتال سے پیکو موڑ تک دونوں اطراف میں فلائی اوورز بنائے جائیں گے ۔دوسری جانب محسن نقوی نے ڈیفنس میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈولفن پولیس کے 2 اہلکاروں کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیراعلیٰ نے سابق ڈی جی پی آر و کالم نگار محمد حسین ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالٰی مرحوم محمد حسین ملک کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں