ملکر ریڈلائن مقرر کی ،9مئی جیسے واقعات ناقابل برداشت:وزیراعظم

ملکر  ریڈلائن  مقرر  کی  ،9مئی  جیسے  واقعات  ناقابل  برداشت:وزیراعظم

لاہور ،اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،سیاسی رپورٹر، صباح نیوز،اے پی پی)وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکریم شہدا پاکستان میں بھرپور شرکت پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے مل کر ایک ریڈ لائن مقرر کی ہے کہ 9 مئی طرز کے واقعات اور رویہ ناقابل برداشت ہیں۔

 زندہ قومیں اپنے محسنوں اور ہیروز کی عزت اور وقار کو برقرار رکھتی ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹس میں انہوں نے مزید کہا اقوام متحدہ کے امن  مشن کے 75 سال مکمل ہونے پر آٹھ پاکستانی امن فوجیوں کو بعد از شہادت اعزاز سے نوازا گیا، پاکستان کو امن مشن میں سب سے زیادہ تعاون کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے پر فخر ہے ،پاکستانی فوجیوں نے انتہائی پیچیدہ اور خطرناک تنازعات والے علاقوں میں جان کی قربانی دینے سمیت بہترین خدمات انجام دیں ،شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے امن کے رکھوالوں پر فخر ہے کہ ان کی ڈیوٹی سے بے مثال وابستگی ہے ۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور میں ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن میں گزشتہ روز وزیر مملکت داخلہ امور عبد الرحمٰن کانجو ، وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا ، سابق ایم این اے صدیق بلوچ، وزیراعظم کی معاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ ،قائد حزب اختلاف راجہ ریاض اور رکن قومی اسمبلی نواب شیر وسیر نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں ،ملکی معیشت کو مشکل حالات سے استحکام کی طرف لے کر آئے ،تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ہمارا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے ذریعے منفی پرا پیگنڈے کے اثرات سے بچانا ہے ، نوجوانوں کو یکساں ترقی کے مواقع اور باوقار روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے وزیر اعظم کوملاقات میں آئندہ بجٹ پر پیش رفت، عوامی ریلیف اور ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال بارے آگاہ کیا جبکہ وزیر اعظم نے شزا فاطمہ خواجہ سے گفتگو میں کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم و ہنر کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے ،حال ہی میں کوئٹہ میں 34ویں نیشنل گیمز کے افتتاح پر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیتے دیکھ کر دلی مسرت ہوئی،ہمارا مقصد نوجوانوں کومثبت سرگرمیوں میں اپنی توانائیوں کے بھرپور استعمال کے مواقع فراہم کرکے انہیں منفی پروپیگنڈے کے اثرات سے بچانا ہے ،معاون خصوصی نے وزیرِ اعظم کو یوتھ پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کرتے بتایا کہ گزشتہ برس شروع کئے یوتھ پروگرام کے تحت 60 ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنر کی پیشہ ورانہ تربیت دی جا چکی جبکہ 40 ہزار نوجوانوں کی مفت تربیت کا پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ،مجموعی طور پر کاروبار اور زراعت کیلئے نوجوانوں کو آسان شرائط پر 13.5 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ چند ماہ میں 16.5 ارب روپے کے مزید قرضے فراہم کئے جائیں گے ۔وزیراعظم نے یوتھ پروگرام پر پیش رفت کو سراہا۔ علاوہ ازیں ا وزیراعظم سے عبد الرحمٰن کانجو ، صدیق بلوچ، راجہ ریاض اور نواب شیر وسیر کی ملاقات کے دوران موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی ، عبد الرحمٰن کانجو نے وزیر اعظم کو لودھراں میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے آگاہ کیا ۔ ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای)کے نومنتخب صدرارشاد عارف ، سینئر نائب صدر انور ساجدی اور سیکرٹری جنرل اعجازالحق کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام نومنتخب عہدیداروں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ،وزیراعظم نے کہا سی پی این ای اہل قلم اور صحافت کے ممتاز ناموں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے ، سی پی این ای کی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے کوششوں میں حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں