بجٹ میں مہنگائی کم نہ ہوئی تو احتجاج کرینگے :سراج الحق

 بجٹ میں مہنگائی کم نہ ہوئی تو احتجاج کرینگے :سراج الحق

لاہور(آئی این پی، صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی عوام کو ریلیف نہیں دے سکتیں تو بجٹ میں کم از کم اپنے دور حکومت میں اشیائے خورونوش، پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ واپس لیں۔

 ملک کو آئندہ تین برسوں میں 75ارب ڈالر بیرونی قرضہ ادا کرنا ہے ، حکمران قرض لے کر کھا گئے ، ادائیگی کے لیے غریبوں کا خون نچوڑا جاتا ہے ، اب یہ قربانی غریب نہیں حکمران اشرافیہ    دے ، حکمران جماعتیں ڈلیور کرنے میں ناکام ہوئیں ، بجٹ میں مہنگائی کم نہ ہوئی تو جماعت اسلامی پورے ملک کے عوام کو منظم کر کے احتجاج کرے گی ، آئی ایم ایف کی بجائے خودانحصاری کا راستہ اپنانا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلامک ہومیوپیتھک میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے منصورہ میں ملاقات کے دوران کیا۔سراج الحق نے کہا کہ حکومت بجٹ میں بجلی ، گیس پر سبسڈی بحال اورپٹرول کی فی لٹر قیمت میں سو روپے کمی کرے ،بیوروکریسی اور حکومتی اہلکاروں کے لیے مفت بجلی، گیس ، پٹرول کی سہولیات ختم کی جائیں ۔ امیر جماعت نے کہا کہ سیاسی و آئینی بحران سے معیشت مزید تباہ ہوئی جس کے براہ راست متاثرین کروڑوں عوام ہیں جن کے لیے حالات ناقابل برداشت ہوچکے ، خودکشیاں بڑھ رہی ہیں ، لوگوں کے لیے بچوں کا پیٹ پالنا، انہیں سکول بھیجنا اور بجلی و گیس کے بل جمع کروانا ناممکن ہوگیا ، ملک کو آئی ایم ایف ، ورلڈ بنک اور امریکی غلامی سے نجات چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں