شہدا کی یاد گاروں کو گرانیوالا کسی بھی حد تک جاسکتا :وزیراعظم

شہدا  کی  یاد  گاروں  کو  گرانیوالا  کسی  بھی  حد  تک  جاسکتا :وزیراعظم

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سیا سی رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے 9مئی کے واقعات پر ایک بار پھر چیئرمین تحریک انصاف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جو حساس اداروں پر حملہ کر سکتا ہے۔

 وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے ،اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا چیئرمین تحریک انصاف کی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے بارے میں تضحیک آمیز مہم سے متعلق کوئی مغالطہ نہیں ہونا چاہئے ، ایک مرتبہ پھر وہ انسانی حقوق کی پامالی کا جھوٹا پراپیگنڈا پھیلا کر 9 مئی کے واقعات میں اپنے مجرمانہ کردار سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، مجھے ان کے ہتھکنڈوں پر کوئی حیرانی نہیں جو لوگوں کو جلا ئو گھیرائو اور تشدد کی ترغیب دے کر عسکری تنصیبات، ریاستی علامتوں اور شہدا کی یادگاروں پر حملے کرائے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے ، وہ ایک ایسی تنظیم کے سربراہ ہیں جو لوگوں کو بے وقوف بنانے کیلئے ایک منظم ڈس انفارمیشن نیٹ ورک چلاتی ہے ،چیئرمین تحریک انصاف کی پہچان نفرت ،تقسیم اور جھوٹ کے سوا کچھ بھی نہیں ۔دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ نے ملاقات کی ،وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کو غذائی لحاظ سے خود کفیل بنانے کیلئے زراعت میں جدت لانے کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، حکومت آئندہ بجٹ میں معیاری بیج، ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اور مشینری کی فراہمی کیلئے وسائل مختص کر رہی ہے ۔وزیر اعظم سے ارکانِ قومی اسمبلی علی موسی گیلانی، ریاض الحق اور خالد جاوید وڑائچ نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے گاڑیاں بنانے والی کمپنی کے سی ای او علی اصغر جمالی نے ملاقات کی ہے ، وزیراعظم نے کہا پاکستان جاپان کو ترقی اور خوشحالی کا اہم شراکت دار سمجھتا ہے ، پاکستان میں ہائی برڈ گاڑیوں کی تیاری خوش آئند ہے ، اس سے زرمبادلہ کی بچت ہوگی، اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا جاپانی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔وزیراعظم سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے وفد نے بھی ملاقات کی، شہباز شریف نے چیئرمین ایف بی آر کو تمباکو کی غیرقانونی فروخت کی روک تھام کی ہدایت کردی،ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ شہباز شریف ترکیہ کے نو منتخب صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر انقرہ کا دورہ کریں گے ، وزیر اعظم کل 3جون کو صدر اردوان کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں