نئے منصوبوں کا تعمیر اتی کام جلد شروع کیا جائے،کوتا ہی برداشت نہیں کی جائیگی :محسن نقوی
لاہور(سیاسی رپورٹر سے )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا جس میں لاہور کے میگا پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور فلاح عامہ کے پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائن مقرر کی گئیں۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے نئے پراجیکٹس کے تعمیراتی کام کے آغاز کو جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹس کے آغاز کے لئے ڈیزائن اور دیگر ضروری امور فی الفور طے کئے جائیں۔ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پراجیکٹس پر تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک کا بہترین پلان تیار کیا جائے ۔ اجلاس میں ایلی ویٹڈایکسپریس وے ، نوازشریف انٹرچینج انڈر پاس، کیولری سگنل فری روڈ پراجیکٹس کے امورکا جائزہ لیا گیا ۔ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلی ٰآفس میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں پرائمری انجیو گرافی پر پیشرفت جائزہ لیا گیا-اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 5ماہ میں 5534 پرائمری انجیو گرافی کی گئیں جبکہ9سرکاری ہسپتالوں میں مارننگ شفٹ میں 3113 او رنائٹ میں 1866پرائمری انجیو گرافی ہوئیں اور نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر 9 سرکاری ہسپتالوں میں 67فیصداضافہ ہوا ۔