مستقبل ق لیگ کا ، ہر سطح پر پارٹی کو فعال بنائینگے: شجاعت

 مستقبل ق لیگ کا ، ہر سطح پر پارٹی کو فعال بنائینگے: شجاعت

لاہور(سیاسی رپورٹرسے)مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ محب وطن سیاستدانوں کے لیے دروازے کھلے ہیں مستقبل مسلم لیگ ق کا ہے، ہر سطح پر پارٹی کو فعال بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر امجدکاا پنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ق میں شمولیت کے موقع پرکیا ۔ڈاکٹر امجدنے کہا کہ پی ٹی آئی کو پہلے ہی کہہ دیا تھا، پاکستان مسلم لیگ کو مضبوط کریں گے ۔ مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر چودھری سرور نے کہا کہ مسلم لیگ ق کو ملک کی سب سے بڑی جماعت بنائیں گے ملاقات میں شافع حسین، سالک حسین،مصطفی ملک بھی موجودتھے ۔ بعد ازلاہور میں چودھری سرور اور چودھری شافع کے ہمراہ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما ڈاکٹر امجد نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چودھری سرور نے ہمیشہ ہی شفقت برتی ہے ،تحریک انصاف کو پہلے ہی خیرباد کہہ دیا تھا۔چودھری شافع نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈاکٹر امجد جیسے افراد جماعتوں کیلئے سرمایہ ہوتے ہیں، انہیں اپنی پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔چودھری سرور کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں نوجوان اور طلبا ہماری جماعت میں شامل ہورہے ہیں، مسلم لیگ ق صرف پنجاب یا اسلام آباد کی جماعت نہیں، چاہے چند سال لگ جائیں، اس کو پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارا کسی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں ہوا، تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنا چاہئے ، چودھری شجاعت اور ان کی فیملی پر کسی قسم کی کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ قبل ازیں ڈاکٹر امجد نے ساتھیوں سمیت چودھری شجاعت سے ملاقات کی ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں