ترکیہ سے تجارتی حجم5ارب ڈالر تک بڑھاسکتے ہیں،وزیراعظم

ترکیہ سے تجارتی حجم5ارب ڈالر تک بڑھاسکتے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد(سیاسی رپورٹر، ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ تین برسوں میں دو طرفہ تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کا ہدف قابل حصول ہے۔

 ترکیہ کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں جاری شراکت داری کوفروغ دینے اور نئے منصوبوں میں گہری دلچسپی خوش آئند ہے ۔اتوار کواپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ کلیدی ترک بزنس گروپوں سے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے پاکستان میں زراعت، توانائی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اورتعمیرات کے شعبہ میں سرمایہ کاری اورتجارت کی ضرورت پر روشنی ڈالی ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ اس سال پاکستان اورترکیہ کے درمیان 31مئی سے آپریشنل ہونے والی اشیا میں تجارت کے تاریخی معاہدے سے بہترین مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ کے درمیان خوشگوار انداز میں گفتگو ہوئی ،وزیراعظم شہبازشریف نے صدرترکیہ سے کہا پاکستانی آپکے انتخاب پر بہت خوش ہیں، آپ کیلئے آموں کا تحفہ لایا ہوں، جس پر صدر ترکیہ نے اظہار تشکر کیا، وزیراعظم نے تہنیتی بورڈ پر دستخط کئے ، کوسوو اور ازبکستان کے سربراہان مملکت او ر دیگر رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف اپنا دورہ ترکیہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ۔وزیراعظم نے عالمی یوم ماحولیات پر اپنے پیغام میں کہا کہ پلاسٹک کی آلودگی کے خلاف جنگ اور آنے والی نسلوں کیلئے کرہ ارض کی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے اپنے عزم کی تجدید کی جائے ، پاکستان نے وسائل کے پائیدار استعمال کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پلاسٹک کی آلودگی کے حوالے سے دس سرفہرست ممالک میں شامل ہے اورایک اندازے کے مطابق 70فیصد پلاسٹک کے فضلہ کو غلط طریقہ سے ٹھکانے لگایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماحول دوست متبادل کو اپنانے کو ترجیح دی ہے اور اسلام آباد کیلئے امتناع پلاسٹک ریگولیشن 2023 پر بھرپور انداز میں عمل درآمدجاری ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں