سرکاری ملازمین کے ترقی ،پنشن کیسز جلد نمٹائے جائیں:محسن نقوی

سرکاری  ملازمین  کے  ترقی ،پنشن  کیسز  جلد  نمٹائے  جائیں:محسن  نقوی

لاہور( سپیشل رپورٹر ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ میں ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کے ترقی ، پنشن کیسز جلد نمٹائے جائیں،خواتین افسروں ،ملازمین کیلئے رہائشگاہوں کامنصوبہ مکمل کیا جائے ،سیکرٹریز ایک روز عوام کیلئے مختص کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ہر ٹاسک کو پورا کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ نگران وزیر اعلٰی محسن نقوی نے کہا کہ ایگریکلچراور دیگر محکموں میں ریسرچ کے لئے بیرون ملک جانے کیلئے این او سی کی شرط ختم کرنے کا جائزہ لیں گے ۔کاٹن کی پیداوار کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لئے ہر ضلع میں سیکرٹری لیول کے افسر نگرانی کریں گے ۔خواتین سرکاری ملازمین کے بچوں کے لئے ڈے کیئر سنٹرقائم کئے جائیں جبکہ سول سیکرٹریٹ ملازمین کے لئے ویلفیئر فنڈ قائم کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر سیکرٹریز نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں ۔چیف سیکرٹری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں پوسٹنگ اور ٹرانسفرکے عمل میں شفافیت نگران حکومت کا طرہ امتیاز ہے ۔ ہر سیکرٹری اپنے ٹاسک کو پورا کرنے کے لئے دل و جان سے کوشاں ہے ۔پیپر لیس سیکرٹریٹ کے تصور کو عملی شکل دیناقابل ذکر اقدام ہے ۔اولڈپی اینڈ ڈی بلاک میں سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت بنائی جائے گی۔ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے کانفرنس میں شرکت کی جبکہ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔دریں اثنا ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے وفد نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے اہم ملاقات کی۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کی جانب سے ڈاکٹر عاطف مجید چودھری، ڈاکٹر شبیر چودھری، ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری، ڈاکٹر مدثرنواز اشرفی، ڈاکٹر اصغر شاہ، ڈاکٹر شعیب نیازی، ڈاکٹر حمزہ نظیر ، ڈاکٹر عامر،ڈاکٹر احمد یار،ڈاکٹر سلیم نیازی نے شرکت کی۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو ڈاکٹرز کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا ۔ محسن رضا نقوی نے گلشن راوی و بند روڈ آمد، ٹی جنکشن و بند روڈ کے توسیعی منصوبے پر بریفنگ لی۔ شاہدرہ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کو چیک کیا جبکہ سی بی ڈی سائٹ، گلبرگ مین بلیوارڈ سے والٹن تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے منصوبے پر عملدرآمد اور سڑکوں کی کشادگی کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں اور ایل ڈی اے سے ازسر نو پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کا از سر نو ٹیکنیکل جائزہ لیا جائے ۔ رنگ روڈ کی ٹریفک کے بلاتعطل بہاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے پراجیکٹ میں ضروری ترامیم کی جائیں۔ملتان روڈ، سمن آباد اور دیگر ملحقہ آبادیوں سے آنے والی ٹریفک کیلئے سگنل فری راستے کشادہ ہونے چاہئیں۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ نے بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ کے نواحی گاؤں میں مبینہ طو رپر ویکسین کے استعمال سے کمسن بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ محسن نقوی نے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم کو فوری طور پر احمد پور شرقیہ کے نواحی گاؤں پہنچنے کی ہدایت کی ۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب سمر گیمز 2023 کے انعقاد کے سلسلے میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں پہلی مرتبہ پنجاب سمر گیمز میں 34کھیلوں کے مقابلے کرانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب سمر گیمز میں کرکٹ،ہاکی، فٹبال، شوٹنگ بال،اتھیلٹکس، سنوکر، بیڈ منٹن سمیت تمام کھیلوں کے مقابلے ہوں گے اور جیتنے والے کھلاڑیوں اور ٹیمز کومجموعی طورپر ایک ارب 32کروڑ روپے کے انعامات دئیے جائیں گے ۔ یونین کونسل سے صوبائی سطح تک 5لیول پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ یونین کونسل کی سطح پر 8گیمز کے مقابلے ہوں گے اور تحصیل لیول پر مزید 7کھیل شامل ہوں گے ۔ ڈسٹرکٹ لیول پر4 اور ڈویژنل لیول پر مزید11 کھیل شامل کئے جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں