حکومت معیاری ذرائع آمد ورفت فراہمی کیلئے کوشاں،بلال افضل

 حکومت معیاری ذرائع آمد ورفت فراہمی کیلئے کوشاں،بلال افضل

لاہور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر مواصلات، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلال افضل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب معیاری ذرائع آمد و رفت کی فراہمی و بہتری کیلئے کوشاں ہے اور خطیر وسائل صرف کر کے سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں تاکہ ہر علاقہ کے عوام کو آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے یہ بات دورہ چکوال کے موقع پر ڈی سی آفس میں منعقدہ بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قرۃ العین ملک بھی موجود تھیں جبکہ اے ڈی سی آر طلحہ زبیر، اے ڈی سی ایف اینڈ پی مجاہد عباس، اے سی چکوال بختیار اسماعیل، ایکسین ہائی ویز اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔ بریفنگ سیشن کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فضل شیر نے صوبائی وزیر مواصلات کو ضلع میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر اب تک کئے گئے عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر بلال افضل نے بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کی مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے تمام زیر عمل منصوبوں کے لئے حکومت پنجاب کے مختص کردہ فنڈز سے مکمل اور بروقت استفادہ یقینی بناتے ہوئے تعمیراتی کام ترجیحی بنیادوں پر معیاری انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ متعلقہ علاقوں کے عوام کو خطیر قومی وسائل کا حقیقی نعم البدل میسر آ سکے ۔ ڈپٹی کمشنر قرۃ العین ملک نے اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات کو بتایا کہ چکوال شہر تا بلکسر انٹرچینج براستہ تھوہا بہادر، چکوال تا چوآ سیدن شاہ، خان پور ڈھوک ٹاہلیاں روڈ کی بحالی اور دیگر نئی سڑکوں کے تعمیراتی منصوبہ جات پر عملدرآمد کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی تعمیر و تکمیل میں تاخیر کا عنصر نہ آنے پائے ۔ صوبائی وزیر نے بعد ازاں متعلقہ افسروں کے ہمراہ چکوال تا بلکسر انٹرچینج براستہ تھوہا بہادر روڈ کی بحالی کے لئے جاری تعمیراتی عمل کا معائنہ کیا جس کے دوران تھوہا بہادر کے مقام پر ایکسین ہائی ویز نے انہیں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے مذکورہ روڈ پراجیکٹ کے معائنہ کے بعد بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کا دورہ کیا جہاں انہیں اولیو پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور زیتون کی مختلف اقسام کی کاشت اور ان کی پیداواری صلاحیت اور نجی شعبہ کے اشتراک سے زیتون کی کاشت بڑھانے سمیت ادارہ کی تحقیقاتی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ میں زیتون کے باغات کا معائنہ بھی کیا اور ادارہ کی انتظامیہ سے ان باغات کی پیداواری صلاحیت اور آمدن سے متعلق امور کے بارے میں دریافت کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں