انتقام پر میں یقین رکھتی ہوں نہ نواز شریف ،21اکتوبر کا سورج نئی امید ہوگا:مریم
لاہور(اپنے نامہ نگار سے ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے عاجزی وانکساری سے کہتی ہوں نوازشریف کی خدمت نکال دیں تو پاکستان میں صرف کھنڈرات بچتے ہیں۔
انہوں نے نو سال کے مجموعی دور اقتدار میں خدمت کا تاریخی ریکارڈ بنایا ،نواز شریف کیخلاف سازش کرنیوالے آج عوام میں جانے کے قابل نہیں،عوام مہنگائی سے تنگ ، انکے پاس روٹی ، بلوں کے پیسے نہیں تو اسکا گناہ 5 رکنی بینچ اور اٹک میں بنداس کے آلہ کار پر ہے ، انتقام پر میں یقین رکھتی ہوں نہ نواز شریف،21 اکتوبر کا سورج ملک کیلئے نئی امید بن کر طلوع ہوگا۔ مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف)پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا نوازشریف اڑھائی، تین اور ایک بار چار سال کے لئے وزیراعظم بنے لیکن انہیں خدمت کا دور پورا نہ کرنے دیاگیا، ان کو کبھی اقامہ کبھی کسی اور ڈرامے کے ذریعے اقتدار سے نکالا گیا،2013میں نوازشریف کو پیپلزپارٹی سے حکومت ملی تو ملک میں 20 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ تھی۔ نوازشریف کے تین سال میں ملک زیرو لوڈشیڈنگ پر چلا گیا تھا، ان کے دور میں جنات کی طرح کام ہوئے ہیں ، ترقی کرتے پاکستان کو نشانہ بنانے کے لئے سازش کی گئی۔ مریم نے کہا اقامہ کے نام پر نوازشریف کو جب سے نکالا ہے ملک واپس پٹڑی پر نہیں چڑھ رہا، قوم اقامہ بینچ کو کبھی معاف نہیں کرے گی، میں معاف کربھی دوں تو اللہ تعالیٰ اقامہ بینچ والوں کو معاف نہیں کرے گا کیونکہ اس نے بائیس کروڑ عوام کی روٹی کو لات ماری ہے ۔ انہوں نے کہا آج عوام مہنگائی سے تنگ ہیں، ان کے پاس روٹی نہیں، اُن کے پاس بجلی کے بل دینے کو پیسے نہیں تو اس کا گناہ پانچ رکنی بینچ اور اٹک میں بند اس کے آلہ کار پر ہے ۔انہوں نے کہا آسائشوں میں پلنے والی مجھ جیسی خاتون کے لئے سیاست کا سفر آسان نہیں تھا،میں نے بے گناہ ہوتے ہوئے دو سو کے قریب پیشیاں بھگتیں،پانچ پانچ ماہ سزائے موت کی چکیوں میں گزار کر آئی ہوں، حالات کی سختیوں میں اپنے والد کی کمزوری نہیں طاقت بنی اور ان کا ساتھ نبھایا ۔ والد نے دیکھ لیا مریم گھبرانے والی نہیں، کوٹ لکھپت جیل سے مجھے والد کے سامنے گرفتار کیاگیا تو ان کی آنکھوں میں آنسو تھے ، گرفتاری کے وقت والد نے مجھے کہا کہ بیٹا گھبرانا نہیں ، اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا ۔مریم نواز کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ آزمائشوں سے گزارتا ہے تو اس کی وجہ ہوتی ہے ، جیل کی دال روٹی میں نے کھائی ، تب سے دال بہت اچھی لگنے لگی ہے جیل میں ہوتے ہوئے کبھی نہیں کہا مجھے دیسی چکن چاہئے ۔انہوں نے کہا 100 دن میں پارٹی قائد کی آواز نگر نگر پہنچ گئی ہے اس سے زیادہ خوشی کی کیا بات ہو گی، ایم ایس ایف میری ٹیم ہے نوجوانوں کو شاباش کہتی ہوں،گالی نکالنا، الزام لگانا، برابھلا کہنا ہمارا کلچر نہیں ،ایم ایس ایف کے نوجوان اتحاد اور تنظیم سے آگے بڑھیں، ایم ایس ایف میں جو لوگ تھے وہ وفاقی وزیر بنے ہیں ان نوجوانوں میں مستقبل کے وزرا اور ایم پی ایزدیکھ رہی ہوں ۔نواز شریف انشاء اللہ 21 اکتوبر کو واپس آرہے ہیں۔پنڈال میں مریم نوا ز کے حق میں زبردست نعرے لگائے گئے ۔