جماعت اسلامی کا آج لاہور گورنر ہائوس کے سامنے دھرنا
پشاور( نیوز ایجنسیاں )جماعت اسلامی نے مہنگائی کیخلاف پشاور گورنر ہاؤس کے سامنے تیسرے اور آخری روز دھرنا دیا ،دھرنے میں خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آج جمعرات سے گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے تین روزہ پرامن دھرنے کا اعلان کر دیا ۔پشاور گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنے کے تیسرے اور آخری روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک لوٹنے والوں کا یوم حساب آنے والا ہے ، سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے بھیس بدل بدل کر حکومتیں کیں، عوام کو یرغمال بنایا، غریبوں کو لوٹا، اپنے شہزادے شہزادیوں کا مستقبل محفوظ اور عام پاکستانیوں کا تباہ کیا، کرپٹ نظام نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو ڈسا۔ ملک کے وسائل کی مثال ایسی گائے کی ہے جسے چارہ غریب ڈالتا ہے اور دودھ حکمران اشرافیہ پی جاتی ہے ۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ، صارفین اصل قیمت دینے کو تیار، بلوں میں 48فیصد ٹیکسز کا کوئی جواز نہیں، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی واپس لی جائیں، اشیائے خورونوش کے ریٹس میں کمی کی جائے ۔ مہنگائی کے سونامی کا رخ موڑیں گے ۔جماعت اسلامی کی پرامن جدوجہد عوام کے حقوق کے لیے جاری رہے گی۔اس موقع پر انھوں نے آج جمعرات سے گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے تین روزہ پرامن دھرنے کا اعلان کیا اور پنجاب اور لاہور کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن احتجاج میں شرکت یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بیدار ہو گا تو پاکستان بیدار ہو گا، آئی ایم ایف کی ہتھکڑیوں کو توڑنے اور غلامی سے نجات کا وقت آ گیا۔ پشاور گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنے میں خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے کہا کہ مافیاز حکمران جماعتوں کا حصہ ہیں اور انھوں نے ہر بحران سے فائدہ اٹھایا، ہر تباہی کے پیچھے اس گروہ کا ہاتھ ہوتا ہے ۔حکومت آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کرے ، مہنگے بل بھیجنے کی بجائے بجلی کی چوری، مفت خوری اور لائن لاسز پر قابو پایا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ عوام اصل طاقت ہیں، جماعت اسلامی عوام کی حکمرانی چاہتی ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کا ساتھ دیا، مگر یہاں سب سے زیادہ بدامنی، غربت اور پسماندگی ہے ۔ کے پی کے عوام کو امن چاہیے ، یہاں کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کیے جائیں۔