شیخ رشید کی لال حویلی سیل:اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی لال حویلی اوردم دما مندرکو سیل کر دیا گیا۔
محکمہ متروکہ وقف املاک نے راولپنڈی میں پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ جمعرات کی صبح آپریشن کرکے لال حویلی کے تمام یونٹس کو سیل کر دیا۔ آپریشن کے دوران ایف آئی اے ، اینٹی کرپشن، اسٹیبلشمنٹ اور پولیس اہلکار بھی موجود تھے ۔محکمہ متروکہ وقف املاک راولپنڈی کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کی سربراہی میں صبح سویرے بوہڑ بازار میں قائم لال حویلی پر کارروائی کی گئی، لال حویلی کے گرائونڈ فلور، مرکزی احاطے ، مہمان خانے ، سیاسی بیٹھک اور 7 دکانوں کو سیل کردیا گیا۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرآصف خان نے بتایا کہ شیخ رشید کی لال حویلی مکمل سیل کرکے پراپرٹی کو بحق سرکار ضبط کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ،محکمہ اوقاف کو کسی بھی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا، شیخ رشید کے ذاتی ملازم کا کہنا تھا کہ شیخ رشیدنے حکم دیا تھا کہ مزاحمت نہیں کرنی اسلئے مزاحمت نہیں کی، محکمہ اوقاف کے عملے نے راجہ بازار میں قائم 100 سالہ قدیم دم دما مندر کے کچھ یونٹس کو سیل کرکے مرغی منڈی بند کر دی جس پر تاجروں نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ادھر شیخ رشید کے بھائی نے لال حویلی سیل کرنے کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر تے ہوئے پٹیشن دائر کر دی ، شیخ صدیق نے موقف اختیار کیا کہ لال حویلی سے متعلق پٹیشن عدالت میں زیر سماعت ہے ، عدالت نے متروکہ وقف املاک سے جواب طلب کر کے درخواست گزار کا موقف سننے کا حکم بھی دے رکھا ہے ،درخواست گزار اس جائیداد کا رجسٹرڈ مالک ہے ، استدعا ہے کہ لال حویلی کو ڈی سیل کیا جائے اور متروکہ وقف املاک درخواست گزار کو بے دخل کرنے سے باز رہے ۔