ساہیوال،بہاولپور2چینی شہروں کے سسٹرسٹی قرار،تعلقات کو فروغ ملے گا:محسن نقوی
لاہور(سیاسی رپورٹرسے )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے دورہ چین پر پنجاب اور ننشیا کی حکومت کے درمیان 2 معاہدے کئے گئے۔
چین کے صوبہ ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں ساہیوال اور چینی شہر ووژونگ جبکہ بہاولپور اور چینی شہر زونگ وئی کو سسٹر سٹیز قرار دینے کا معاہدہ ہوا ۔تقریب کے دوران پنجاب حکومت کی طرف سے صوبائی وزیر صنعت و زراعت ایس ایم تنویر نے سسٹر سٹیز کے معاہدوں پر دستخط کئے ۔تقریب میں صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد،سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل اور ننشیا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی-معاہدوں کے تحت ساہیوال او ربہاولپور کے چینی شہرو ں سے روابط برقرار رکھنے او ردوستانہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔ باہمی معاہدوں کے مطابق وفود کے تبادلوں اور تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔سسٹر سٹیز معیشت اور تجارت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں باہمی معاونت کریں گے ۔سسٹر سٹیز تعلیم، زراعت، ہیلتھ، ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لئے تعاون کریں گے ،سرکردہ حکام اور متعلقہ محکمے باہمی دورے اورمہارتوں کا تبادلہ کریں گے ۔ تمام شعبوں میں اشتراک کار کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے معاہدوں کا خیرمقدم کیااور پاک چین تعلقات کے حوالے سے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور چینی صوبے ننشیا کے باہمی تعلقات کے استحکام اور فروغ کے لئے اہم سنگ میل ہے ،معاہدے کے ثمرات سے پنجاب کے عوام مستفید ہوں گے ۔صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا کہ ساہیوال اور بہاولپور کا ننشیا کے 2جدید ترین شہروں کے ساتھ سسٹر سٹیز کا معاہدہ شاندار ثمرات کا باعث ہوگا۔ صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے کہا کہ معاہدے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کے دروازے کھلیں گے ۔ صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے کہا کہ دورہ چین کے درمیان سسٹر سٹیز معاہدہ اہم کامیابی کے مترادف ہے ۔ دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کا بھی دورہ کیااوریونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرنے کیساتھ تعلیمی نظام کا مشاہدہ کیا ۔انہوں نے یونیورسٹی میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے کا خصوصی جائزہ لیا جبکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور فیکلٹی کے سینئر ڈاکٹرز نے یونیورسٹی میں تعلیم اور ریسرچ بارے بریفنگ دی ۔محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور وہاں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی -اس موقع پر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کا معیار بلند کریں گے ،دورہ چین صرف وزٹ نہیں بلکہ باہمی تعاون کو تیز رفتاری سے عوام کی بہتری کیلئے استعمال کیا جائے گا-چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان،ننشیا حکومت کے اعلٰی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران بھی ہمراہ تھے ۔